پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امجد مرزا امجد کی غزلیں — Amjad Mirza Amjad Ghazals

امجد مرزا امجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب بھی دیس کو واپس جاؤں آنکھ میں آنسو آئے (غزل)

جب بھی دیس کو واپس جاؤں آنکھ میں آنسو آئے

ذہن میں ماضی کو لوٹاؤں آنکھ میں آنسو آئے

اپنے شہر کے گونگے بہرے لوگوں کو میں اپنے

جب بھی دل کی بات سناؤں آنکھ میں آنسو آئے

قدم قدم پر دھوکے باز ہیں پیار جتاتے ہیں

ان کے راز سمجھ نہ پاؤں آنکھ میں آنسو آئے

یہ مسکانیں جھوٹی خوشیاں کب تک بانٹوں میں

کس کو دل کے زخم دکھاؤں آنکھ میں آنسو آئے

کوئی نہ میرے آنسو پونچھے گلے نہ کوئی لگائے

کس سے اب میں آس لگاؤں آنکھ میں آنسو آئے

درد میں ڈوبا کیسے لکھوں دنیا کا افسانہ

امجدؔ جب بھی قلم اٹھاؤں آنکھ میں آنسو آئے

چھائی جو ہر سو بدلی کالی آنکھ میں آنسو آئے (غزل)

چھائی جو ہر سو بدلی کالی آنکھ میں آنسو آئے

دیکھ سکے نہ پنچھی ڈالی آنکھ میں آنسو آئے

میرے دیس کی جنت جیسی دھرتی اجڑی اجڑی

ہر جا دیکھی جب بد حالی آنکھ میں آنسو آئے

خیموں کی بستی میں وہ جو زندہ لاشیں ہیں

دیکھ کے ان کی آنکھ سوالی آنکھ میں آنسو آئے

ٹھنڈا سینہ دھرتی کا ہے بھوک کے مارے ہیں سب

دن تیرہ اور رات ہے کالی آنکھ میں آنسو آئے

کیونکر ہم پردیس کو اپنا دیس کہیں بتلاؤ

کس ظالم نے رسم یہ ڈالی آنکھ میں آنسو

کس کو سینے سے لپٹائیں کس کا ماتھا چومیں

دیکھ کے گھر کا آنگن خالی آنکھ میں آنسو آئے

جس نے گھر کے باغیچے کو اپنے خون سے سینچا

چھوڑ گیا جب اس کا مالی آنکھ میں آنسو آئے

امجدؔ کیسی آگ لگی ہے لفظوں کے پانی میں

اجلی غزلیں ہو گئیں کالی آنکھ میں آنسو آئے

مزید غزلیں از امجد مرزا امجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں