پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرؤف انجم کی غزلیں — Abdur Rauf Anjum Ghazals

عبدالرؤف انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قابل رشک ذات پھولوں کی (غزل)

قابل رشک ذات پھولوں کی

خوب ہے کائنات پھولوں کی

خوشبوؤں کا سفر طویل مگر

مختصر ہے حیات پھولوں کی

کر چکے ہیں وضو وہ شبنم سے

ہو رہی ہے صلوٰۃ پھولوں کی

سو گئے ہیں لپٹ کے کانٹوں سے

کیا قیامت ہے رات پھولوں کی

ہے اسیر قفس کے ہونٹوں پر

ذکر کلیوں کا بات پھولوں کی

ان کے ہنسنے سے کھل گئے غنچے

ان کے دم سے حیات پھولوں کی

چند لمحوں میں کھل کے مرجھائیں

زندگی بے ثبات پھولوں کی

ساری محفل مہک گئی انجمؔ

شعر ہیں یا برات پھولوں کی

ہے غزل میں چمک بھی انجمؔ کی

اور مہک ساتھ ساتھ پھولوں کی

زرد سوکھے ہوئے چہرے نہیں اچھے لگتے (غزل)

زرد سوکھے ہوئے چہرے نہیں اچھے لگتے

وقت سے پہلے بڑھاپے نہیں اچھے لگتے

اپنے ہاتھوں سے جنہیں قتل کیا ہے ہم نے

ان کے چوراہوں پہ پتلے نہیں اچھے لگتے

جن کا کپڑوں میں بھی عریاں نظر آتا ہے بدن

ان کے دروازوں پہ پردے نہیں اچھے لگتے

ماں کی ممتا میں بھی لاتی ہے کمی بیکاری

گھر میں بیٹھے ہوئے بیٹے نہیں اچھے لگتے

باپ سے روتے ہوئے بچے نے جھنجھلا کے کہا

بھوک میں کھیل کھلونے نہیں اچھے لگتے

درمیاں کچے گھروں کے یہ مکانات اونچے

ان امیروں کے ارادے نہیں اچھے لگتے

حادثے قتل فساد آبرو ریزی اغوا

چھوڑیئے روز یہ قصے نہیں اچھے لگتے

ملک کی سرحدیں کہنے لگیں رو کر انجمؔ

شہر میں فوج کے دستے نہیں اچھے لگتے

مزید غزلیں از عبدالرؤف انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں