امجد خان تجوانہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوگ کیوں بد گمان ہوتے ہیں (غزل)
لوگ کیوں بد گمان ہوتے ہیں
وہ اگر مہربان ہوتے ہیں
راستے راستے نہیں ہوتے
منزلوں کا نشان ہوتے ہیں
اس محبت کے جو بھی قصے ہیں
خامشی سے بیان ہوتے ہیں
بے سبب ہم جدا نہیں ہوتے
لوگ کچھ درمیان ہوتے ہیں
مشکلوں میں نہ ڈال دیں امجدؔ
لوگ جو ہم زبان ہوتے ہیں
رات میں نے روشنی سے بات کی (غزل)
رات میں نے روشنی سے بات کی
اس کی ہر پاکیزگی سے بات کی
جس میں جتنا ظرف ہوتا ہے میاں
اس نے اتنی عاجزی سے بات کی
عشق کے وہ بھی نشے میں چور تھا
میں نے بھی دیوانگی سے بات کی
یار میرا مسئلہ آسان تھا
اس نے ہی پیچیدگی سے بات کی
خود سے امجدؔ بات کر کے یوں لگا
جیسے میں نے زندگی سے بات کی
وہ دن بھی کتنے اچھے تھے (نظم)
وہ دن بھی کتنے اچھے تھے
کبھی جب گھر کے آنگن میں لگے شہتوت کے نیچے
مری ماں جھاڑو دیتی تھی
پرانی چارپائی جھاڑ کر پھر سے بچھاتی تھی
مرے ابا کے حقہ کی چلم بھی جگمگاتی تھی
بہاریں مسکراتی
کہکشائیں رقص کرتی تھیں
میں خود ماں سے لپٹ جاتا
کئی قسمیں اٹھاتا
خود ہی ان کو بھول بھی جاتا
وہ دن
ماضی کے دن کتنے سہانے تھے
مگر اب شہر کے اپنے مسائل ہیں
بہاریں کھو چکی ہیں
کہکشائیں بین کرتی ہیں
نہ ماں زندہ ہے
اور نہ صحن میں شہتوت کا پودا
نہ وہ حقہ رہا باقی
نہ حقہ پینے والے ہیں