پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرشید قمر کی غزلیں — Abdur Rasheed Qamar Ghazals

عبدالرشید قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ظلم و ستم کا جبر کا انجام کیا ہوا (غزل)

ظلم و ستم کا جبر کا انجام کیا ہوا

تھا نامور تو خوب مگر نام کیا ہوا

یہ پوچھتی ہے وقت کی دیمک بتا ذرا

جمشید تو کہاں ہے ترا جام کیا ہوا

جلتے مچلتے غم میں پگھلتے رہے مگر

آئی جو صبح بھول گئے شام کیا ہوا

میرا دیا بجھا نہ سکی سر پھری ہوا

روٹھی ہے تو بھی گردش ایام کیا ہوا

راون تھا میں تو اف کی بھی جرأت کسی میں تھی

بن باس مل گیا جو قمرؔ رام کیا ہوا

عجب کیا حوصلے اے دل ہمارے ٹوٹ جاتے ہیں (غزل)

عجب کیا حوصلے اے دل ہمارے ٹوٹ جاتے ہیں

عتاب گردش دوراں سے تارے ٹوٹ جاتے ہیں

ہوئی ہیں ریزہ ریزہ خود چٹانیں ہم سے ٹکرا کے

مگر ہم دیکھ کر آنسو تمہارے ٹوٹ جاتے ہیں

میں چاہوں مسکرانا تو چھلک جاتے ہیں اب آنسو

کہ اکثر سیل دریا سے کنارے ٹوٹ جاتے ہیں

نصیحت اے مری بیٹی ہمیشہ دھیان میں رکھنا

سہاروں پر نہ تکیہ ہو سہارے ٹوٹ جاتے ہیں

قمرؔ اس بزم دنیا سے نبھائیں اپنا رشتہ کیا

جو ٹوٹی سانس تو رشتے ہی سارے ٹوٹ جاتے ہیں

مزید غزلیں از عبدالرشید قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں