پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرؤف مخفی کی غزلیں — Abdur Rauf Makhfi Ghazals

عبدالرؤف مخفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے بیمار محبت کی دوا بن جائیے (غزل)

اپنے بیمار محبت کی دوا بن جائیے

دل دکھانا چھوڑ دیجے دل ربا بن جائیے

قوم کو گر لوٹنا ہے باسلیقہ لوٹیے

چھوڑیئے ڈاکا زنی اور رہنما بن جائیے

زندگی میں جو ہوا دے دیں گے محشر میں جواب

کعبۃ اللہ جائیے اور پارسا بن جائیے

آج کے ملاحوں پر کیجے نہ بالکل اعتبار

جب بھنور میں آئے کشتی ناخدا بن جائیے

جو جوانی میں ہوا اس کو بھلا دیجے بھلا

عالم پیری ہے مخفیؔ پارسا بن جائیے

سر دیں گے علم سرنگوں ہم ہونے نہ دیں گے (غزل)

سر دیں گے علم سرنگوں ہم ہونے نہ دیں گے

مٹ جائیں گے توہین حرم ہونے نہ دیں گے

وہ دن گئے جھک جاتے تھے ہم آپ کے آگے

اب تو سر تسلیم بھی خم ہونے نہ دیں گے

یہ حسرت دیدار نکل جائے نہ جب تک

اے ذوق نظارہ تجھے کم ہونے نہ دیں گے

ہم نظم گلستاں کو بدل دیں گے ستم گر

پھولوں پہ ہواؤں کے ستم ہونے نہ دیں گے

وہ حسن پہ مغرور ہیں ہوتے رہیں لیکن

ہم عشق کو محتاج کرم ہونے نہ دیں گے

وہ بھی نظر آتے ہیں ستم گاروں میں مخفیؔ

جو کہتے تھے ہم ظلم و ستم ہونے نہ دیں گے

مزید غزلیں از عبدالرؤف مخفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں