امجد نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب دل ہی نہیں ہے پہلو میں پھر عشق کا سودا کون کرے (غزل)
جب دل ہی نہیں ہے پہلو میں پھر عشق کا سودا کون کرے
اب ان سے محبت کون کرے اب ان کی تمنا کون کرے
اب ہجر کے صدمے سہنے کو پتھر کا کلیجہ کون کرے
ان لمبی لمبی راتوں کا مر مر کے سویرا کون کرے
ہم رسم وفا کو مانتے ہیں آداب محبت جانتے ہیں
ہم بات کی تہہ پہچانتے ہیں پھر آپ کو رسوا کون کرے
اے جذبۂ الفت تو ہی بتا کچھ حد بھی ہے اس ناکامی کی
مایوس نگاہوں سے ان کا محفل میں نظارا کون کرے
ہم دیکھ چکے ہاں دیکھ چکے دستور تمہاری محفل کا
جب شکر پہ یہ پابندی ہے پھر جرأت شکوہ کون کرے
نہ کچھ عالم سمجھتے ہیں نہ کچھ جاہل سمجھتے ہیں (غزل)
نہ کچھ عالم سمجھتے ہیں نہ کچھ جاہل سمجھتے ہیں
محبت کی حقیقت کو بس اہل دل سمجھتے ہیں
نشان منزل مقصود پا کر بھی نہ جو ٹھہرے
اسی رہرو کو ہم آسودۂ منزل سمجھتے ہیں
ترے صحرا نوردوں کا مذاق جستجو توبہ
غبار راہ کو یہ پردۂ محمل سمجھتے ہیں
تمہیں سے ہے یہ نور شمع اور یہ سوز پروانہ
تمہیں کو اہل محفل رونق محفل سمجھتے ہیں
نہ دنیا باعث غفلت نہ عقبیٰ وجہ ہشیاری
رہے جو تجھ سے غافل ہم اسے غافل سمجھتے ہیں
یہاں تو قابل افسوس ہیں دشواریاں ان کی
تمہاری راہ میں مشکل کو جو مشکل سمجھتے ہیں
انہیں کو تیرے تیر نیم کش کا لطف آتا ہے
نہ سینے کو جو سینہ اور نہ دل کو دل سمجھتے ہیں
گل مقصود سے پھر کیوں اسے وہ بھر نہیں دیتے
مرے دامن کو جب وہ کاسۂ سائل سمجھتے ہیں
کوئی سمجھے نہ سمجھے اس حقیقت کو مگر نجمیؔ
ہم اپنے درد دل کو عشق کا حاصل سمجھتے ہیں
چھٹ گئی ظلمت (نظم)
چھٹ گئی ظلمت
کٹ گئی رات
پھٹ گئی پو
گم ہوئے تارے
کھو گیا شبنم
دھل گئے باغ
کھل گئیں کلیاں
ہنس دئیے پھول
اڑ گئے پنچھی
جاگ اٹھی خلق
ہو گئی صبح
چڑھ گیا سورج
بڑھ گئے سائے
وہ نہیں آئے