امت شریواستو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شور جہاں سے جب تھک جاؤ مجھ کو تنہا پڑھنا تم (غزل)
شور جہاں سے جب تھک جاؤ مجھ کو تنہا پڑھنا تم
سیدھا سیدھا دل پہ لگوں گا اک دن الٹا پڑھنا تم
ہجر کی قسمیں لکھی ہوئی ہیں زرد پرانے پتوں پر
کوئی اپنا بچھڑ چلا تو پھر سے ملنا پڑھنا تم
دریا پر کچھ تحریریں ہیں تیز ہوا کے ہاتھوں کی
قدرت کی نقاشی والا اک اک جلوہ پڑھنا تم
غم کا فسانہ یاد آ جائے شاید روشن لفظوں میں
اپنی محبت کے چشمے سے میرا چہرہ پڑھنا تم
نیا زمانہ بھول چکا ہے گئے زمانے کی قدریں
جب چہروں کی بھیڑ لگی ہو کچھ تو اپنا پڑھنا تم
جانے کب سے سطح ادب پر ایسا ہی ہے لکھا ہوا
لکھنا لکھنا سیکھ گئے تو پڑھنا پڑھنا پڑھنا تم
بے جاں ان تصویروں میں اب آوازوں کے رنگ بھریں
دونوں کا میں نام لکھوں گا چاہے اپنا پڑھنا تم
آخری پردہ گرا رہنے دیا (غزل)
آخری پردہ گرا رہنے دیا
راستہ کھویا ہوا رہنے دیا
وقت نے سب عکس میرے چھین کر
مجھ میں اک شہر نوا رہنے دیا
جاتے جاتے بستیوں کو چھوڑ کر
بام پر جلتا دیا رہنے دیا
یوں تو سارے درد میرے لے گیا
جب کہا جتنا کہا رہنے دیا
راز سارے خود زمانہ سے کہے
جانے کیا مجھ میں چھپا رہنے دیا
مدتوں تک خود میں ڈھونڈھا تھا جسے
مل گیا تو یوں پڑا رہنے دیا
کھیلنے کے سب بہانے چھین کر
ہاتھ میں اک جھنجھنا رہنے دیا