پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد الرحیم نشتر کی غزلیں — Abdur Rahim Nashtar Ghazals

عبد الرحیم نشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دشت افکار میں سوکھے ہوئے پھولوں سے ملے (غزل)

دشت افکار میں سوکھے ہوئے پھولوں سے ملے

کل تری یاد کے معتوب رسولوں سے ملے

اپنی ہی ذات کے صحرا میں سلگتے ہوئے لوگ

اپنی پرچھائیں سے ٹکرائے ہیولوں سے ملے

گاؤں کی سمت چلی دھوپ دوشالا اوڑھے

تاکہ باغوں میں ٹھٹھرتے ہوئے پھولوں سے ملے

کون اڑتے ہوئے رنگوں کو گرفتار کرے

کون آنکھوں میں اترتی ہوئی دھولوں سے ملے

اس بھرے شہر میں نشترؔ کوئی ایسا بھی کہاں

روز جو شام میں ہم جیسے فضولوں سے ملے

سفید پوش درندوں نے گل کھلائے تھے (غزل)

سفید پوش درندوں نے گل کھلائے تھے

زمین سرخ ہوئی سبز کرنے آئے تھے

سمجھ لیا تھا جنہیں میں نے روشنی کا سفیر

وہ آستین میں خنجر چھپا کے لائے تھے

مسافروں کو گھنی چھاؤں لے کے بیٹھ گئی

درخت راہ کے دونوں طرف لگائے تھے

مجھے بھی چاروں طرف تشنگی نے دوڑایا

مری نگاہ پہ آب رواں کے سائے تھے

مجھے غرور ہے میں دوستوں کی نیکی ہوں

انہیں خوشی ہے کہ دریا میں ڈال آئے تھے

مرے عزیز تھے وہ قبر کھود کے رکھ دی

مجھے جو دے گئے مٹی وہ سب پرائے تھے

ہوا تو اپنا قرینہ بدل نہیں سکتی

چراغ آپ نے کس زعم میں جلائے تھے

سردی کھاتے دانت بجاتے آئے دسمبر بابا (نظم)

سردی کھاتے دانت بجاتے آئے دسمبر بابا

رنگ برنگے اونی کپڑے لائے دسمبر بابا

صبح سلونی گرم چائے کی پیالی لے کر دوڑی

کیسا تھر تھر کانپ رہے ہیں ہائے دسمبر بابا

ان کی داڑھی چاندی جیسی دھوپ پڑے تو چمکے

لیکن نٹکھٹ لڑکی سا چھپ جائے دسمبر بابا

دور گگن پر نٹ کھٹ بادل سبھا سجانے بیٹھے

اجلے اجلے اون کے گولے لائے دسمبر بابا

صبح سہانی شام سہانی ہر پل نئی کہانی

مزے مزے کے قصے لے کر آئے دسمبر بابا

کہیں انگیٹھی کہیں الاؤ ہاتھ تاپتے جاؤ

موسم دوڑے اور پیچھے رہ جائے دسمبر بابا

دیواروں پر نئے کلنڈر نئے مناظر ہوں گے

دوڑی دوڑی آئی جنوری بائے دسمبر بابا

مزید غزلیں از عبد الرحیم نشتر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں