امت شرما میت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نظر بھر کے یوں جو مجھے دیکھتا ہے (غزل)
نظر بھر کے یوں جو مجھے دیکھتا ہے
بتا بھی دے مجھ کو کہ کیا سوچتا ہے
محبت نہیں جیسے کیا کر لیا ہو
زمانہ مجھے اس قدر ٹوکتا ہے
دسمبر کی سردی ہے اس کے ہی جیسی
ذرا سا جو چھو لے بدن کانپتا ہے
لگایا ہے دل بھی تو پتھر سے میں نے
مری زندگی کی یہی اک خطا ہے
جسے دیکھ کے غم بھی رستہ بدل دے
وہ چہرہ نہ جانے کہاں لاپتہ ہے
کوئی بات دل میں یقیناً ہی ہے جو
وہ ملتے ہوئے غور سے دیکھتا ہے
اسی کی گلی کا کوئی ایک لڑکا
محبت کا مجھ سے ہنر پوچھتا ہے
نہ ڈھونڈھو کہیں بھی ملوں گا یہیں پہ
یہ اجڑی حویلی ہی میرا پتہ ہے
کوئی فرق پڑتا نہیں میتؔ کو اب
جہاں اس کے بارے میں کیا سوچتا ہے
یہ لگتا ہے اب بھی کہیں کچھ بچا ہے (غزل)
یہ لگتا ہے اب بھی کہیں کچھ بچا ہے
تمہارا دیا زخم اب تک ہرا ہے
کہو کون سی شکل دیکھو گے اب تم
یہ چہرہ تو اک آورن سے ڈھکا ہے
لگا ہے زمانہ عبادت میں جس کی
وہ رہتا کہاں ہے تمہیں کچھ پتا ہے
گناہوں سے توبہ کرو وقت رہتے
وگرنہ تو دوزخ کا رستہ کھلا ہے
محبت محبت محبت محبت
اماں یار چھوڑو یہ ہلکا نشہ ہے
بھلائی کرو تو ملے ہے برائی
یہ قصہ مری زندگی سے جڑا ہے
غلط فہمیاں میتؔ رکھو نہ دل میں
وہی سچ نہیں جتنا تم نے سنا ہے