عبداللہ خاں مہر لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مژگاں نے روکا آنکھوں میں دم انتظار سے (غزل)
مژگاں نے روکا آنکھوں میں دم انتظار سے
الجھے ہیں خار دامن باد بہار سے
مطلب خزاں سے ہے نہ غرض ہے بہار سے
ہم دل اٹھا چکے چمن روزگار سے
یہ گل کھلا نہ لالہ رخوں کے فراق میں
ہم داغ لے چلے چمن روزگار سے
بسمل جو ہیں تو ہم ہیں تڑپتے جو ہیں تو ہم
وہ خوش ہیں صید گاہ میں سیر شکار سے
آغاز عشق ہے وہ بڑھاتے ہیں رسم و راہ
ہم دل میں خوف کرتے ہیں انجام کار سے
ان کو ہوا جو نشۂ مے میری بن پڑی
پردہ کھلا نہ دامن موج خمار سے
کلکتہ سے بھی کیجیئے حاصل کوئی تو علم
سیکھیں گے سحر سامری ہم چشم یار سے
اے مہرؔ یہ غزل وہ پر اعجاز و گرم ہے
آتشؔ اگر سنے نکل آئے مزار سے
نہ پہنچے چھوٹ کر کنج قفس سے ہم نشیمن تک (غزل)
نہ پہنچے چھوٹ کر کنج قفس سے ہم نشیمن تک
پر پرواز نے یاری نہ کی دیوار گلشن تک
وہ بیدل ہوں کہ مجھ سے دوستی کرتا ہے دشمن تک
وہ رہرو ہوں کہ مجھ کو راہ بتلاتا ہے رہزن تک
پس مردن یہ اے مشاطۂ باد صبا کرنا
ہماری خاک سرمہ بن کے پہنچے چشم روزن تک
خزاں میں دیکھ لینا وادیٔ پر خار سے بد تر
چمن بھی ہے بہار لالہ و نسرین و سوسن تک
کدھر آیا ہے دل پچھتاؤ گے ناداں نہ ہو دیکھو
نہ پہنچوں گے کبھی اے مہرؔ تم اس شوخ ہر فن تک