پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امت بجاج کی غزلیں — Amit Bajaj Ghazals

امت بجاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کھونا اور نہ پانا چاہیے تھا (غزل)

نہ کھونا اور نہ پانا چاہیے تھا

مجھے کچھ درمیانہ چاہیے تھا

مرے آگے تھے دنیا کے سوالات

تمہیں ہی آگے آنا چاہیے تھا

ملے بے باک جیسے کچھ نہیں ہو

ذرا سا ہچکچانا چاہیے تھا

غزل میں کہہ چکا تھا جب تم آئے

تمہیں مطلع میں آنا چاہیے تھا

سمے کے ساتھ بھر جاتا ہے ہر زخم

سمے سے بھاگ جانا چاہیے تھا

خطوں کا کیا تھا بہہ جاتے ندی میں

تمہیں تو بس بہانہ چاہیے تھا

کس کو کس کا ساتھ نبھانا ہوتا ہے (غزل)

کس کو کس کا ساتھ نبھانا ہوتا ہے

وقت کی رو کا صرف بہانا ہوتا ہے

پہلے ایک تجسس بنتا ہے ہم کو

پھر حالات کا تانا بانا ہوتا ہے

میں بچوں کی باتیں غور سے سنتا ہوں

ان باتوں سے ذہن سیانا ہوتا ہے

دھڑکن تو بس سینے کا دل رکھتی ہے

دل کا کوئی اور ٹھکانا ہوتا ہے

ایک حقیقت کی بس ایک جھلک کے لیے

کتنے خوابوں کو ٹکرانا ہوتا ہے

ہم جل کر اطراف کو روشن کرتے ہیں

ان کو بس کھڑکی تک آنا ہوتا ہے

مزید غزلیں از امت بجاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں