عبداللطیف شوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بت یہاں ملتے نہیں ہیں یا خدا ملتا نہیں (غزل)
بت یہاں ملتے نہیں ہیں یا خدا ملتا نہیں
عزم مستحکم تو ہو دنیا میں کیا ملتا نہیں
ہم سفیران جنوں یوں ہم سے آگے بڑھ گئے
قافلہ کیا ہے غبار قافلہ ملتا نہیں
اپنی صورت دیکھنا ہو اپنے دل میں دیکھیے
دل سا دنیا میں کوئی بھی آئنہ ملتا نہیں
دے دیا ہے آپ کو دل اب حفاظت کیجیے
ہر خزانے میں یہ لعل بے بہا ملتا نہیں
ڈھونڈھتا پھرتا ہے مجھ کو کیوں فریب رنگ و بو
میں وہاں ہوں خود جہاں اپنا پتہ ملتا نہیں
دل دیا وحشت لیا اور خود کو رسوا کر لیا (غزل)
دل دیا وحشت لیا اور خود کو رسوا کر لیا
مختصر سی زندگی میں میں نے کیا کیا کر لیا
دل کی خاطر کفر بھی اس نے گوارا کر لیا
ایک پتھر خود تراشا خود ہی سجدہ کر لیا
آپ کی چاہت کا ملنا جان لوں گا مفت ہے
جان دے کر بھی اگر میں نے یہ سودا کر لیا
بال و پر اپنے سلامت ڈر اندھیروں کا نہیں
چار تنکے جب بھی پھونکے ہیں اجالا کر لیا
درد بخشا چین چھینا دل کے ٹکڑے کر دیئے
ہائے کس ظالم پہ میں نے بھی بھروسہ کر لیا
شوقؔ جب تک سانس ہے تب تک ہے امید حیات
کیوں ابھی سے آپ نے دل اپنا چھوٹا کر لیا