پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

‎عبداللہ ضریم کی غزلیں — Abdullah Zreem Ghazals

‎عبداللہ ضریم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دست تعزیر چومنے والے (غزل)

دست تعزیر چومنے والے

ہم ہیں زنجیر چومنے والے

یہ حقیقت پسند تھوڑی ہیں

تیری تصویر چومنے والے

رہ گیا کھیل شاہزادی کا

مر گئے تیر چومنے والے

یوں دکھاتے ہیں حسن قاتل کا

نوک شمشیر چومنے والے

تیرے خط کو شفا سمجھتے ہیں

تیری تحریر چومنے والے

صرف باتیں ہی کر سکا رانجھا

لے گئے ہیر چومنے والے

کیوں کریں جرأت شکایت بھی

دست تقدیر چومنے والے

اس کے ماتھے کو چومتے ہیں ضریمؔ

ماہ تنویر چومنے والے

تیرے تصورات سے آگے نہیں گیا (غزل)

تیرے تصورات سے آگے نہیں گیا

یہ دل توہمات سے آگے نہیں گیا

جو بیچ راہ چھوڑ گیا شکر ہے وہ شخص

میری توقعات سے آگے نہیں گیا

شاید اسے پسند تھیں جھوٹی نمائشیں

لیکن میں دل کی بات سے آگے نہیں گیا

جذبات دل کو وہ بھی نہ کچھ ڈھنگ دے سکا

میں بھی تکلفات سے آگے نہیں گیا

تحفہ بھی اس کے واسطے کنگن لیا ضریمؔ

واللہ میں اس کے ہاتھ سے آگے نہیں گیا

مزید غزلیں از ‎عبداللہ ضریم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں