پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علیزے نجف کی غزلیں — Alizey Najaf Ghazals

علیزے نجف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کا تقاضہ کیوں کریں ہم (غزل)

محبت کا تقاضہ کیوں کریں ہم

حقیقت کا تماشہ کیوں کریں ہم

محبت جب کہ یک طرفہ نہیں ہے

اکیلے ہی گزارہ کیوں کریں ہم

خلش دل کی بڑھاتی ہیں جو باتیں

انہی کا پھر اعادہ کیوں کریں ہم

ہو جب احساس کا اظہار لازم

پھر اس کو استعارہ کیوں کریں ہم

جو حال زار سے سب کچھ عیاں ہو

تو پھر کوئی اشارہ کیوں کریں ہم

محبت سے عبارت ہوں سبھی پل

کسی کا گوشوارہ کیوں کریں ہم

سبھی کچھ درمیاں جب مشترک ہے

تو میرا اور تمہارا کیوں کریں ہم

خود کو ہم آزما کے دیکھیں گے (غزل)

خود کو ہم آزما کے دیکھیں گے

یعنی تجھ کو بھلا کے دیکھیں گے

ٹوٹتی کس طرح ہے ضبط کی حد

درد میں مسکرا کے دیکھیں گے

ملتفت تجھ پہ رہ لئے برسوں

تجھ سے نظریں چرا کے دیکھیں گے

واہموں میں ہیں کچھ نشاں سچ کے

تیری آنکھوں میں آ کے دیکھیں گے

پاس ہو کے بھی میرا ہو نہ سکا

اب تجھے ہم گنوا کے دیکھیں گے

تجھ کو الزام ہم نہیں دیں گے

ظرف اپنا بڑھا کے دیکھیں گے

مزید غزلیں از علیزے نجف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں