پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبداللہ ندیم کی غزلیں — Abdullah Nadeem Ghazals

عبداللہ ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مشکل سے سمیٹا ہے بکھر جائے گا اک دن (غزل)

مشکل سے سمیٹا ہے بکھر جائے گا اک دن

دیوانہ ترے ہجر میں مر جائے گا اک دن

ہم کلبۂ احزاں میں ہی رہ جائیں گے بیٹھے

وہ شہر سے ہو کر بھی گزر جائے گا اک دن

یہ وقت جو دریاؤں کی مانند رواں ہے

تم دیکھنا یہ وقت ٹھہر جائے گا اک دن

ڈھونڈھے سے کوئی وجہ جدائی نہ ملے گی

بس تجھ سے یونہی دل مرا بھر جائے گا اک دن

ہم خاک بصد شوق اڑاتے ہیں ابھی تو

وحشت کا یہ دریا بھی اتر جائے گا اک دن

وہ تیرہ شبی ہوگی جہانوں پہ مسلط

سورج بھی نکلتے ہوئے ڈر جائے گا اک دن

بیٹھے ہیں سنبھالے ہوئے ہم سانس کی گٹھری

معلوم ہے یہ رخت سفر جائے گا اک دن

کوئی خیال مرے ساتھ چل نہیں پایا (غزل)

کوئی خیال مرے ساتھ چل نہیں پایا

میں تنگنائے غزل سے نکل نہیں پایا

رہا ہے عشق میں عالم یہ کج کلاہی کا

کہ اس کے رنگ میں ڈھلنا تھا ڈھل نہیں پایا

تجھے بھی تیرے ستاروں کی چال نے مارا

مرے نصیب کا لکھا بھی ٹل نہیں پایا

میں جانتا تھا کہ تعبیر کیا نکلنی ہے

میں اپنے خواب کو لیکن بدل نہیں پایا

ندیمؔ شور تھا سینے میں ایک دریا ہے

مگر یہ حال کہ اب تک ابل نہیں پایا

مزید غزلیں از عبداللہ ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں