پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی الدین نوید کی غزلیں — Aliuddeen Naved Ghazals

علی الدین نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

احساس دیکھ پائے وہ منظر تلاش کر (غزل)

احساس دیکھ پائے وہ منظر تلاش کر

آنکھیں جو ہیں تو بوئے گل تر تلاش کر

میرا وجود جذب ہوا تیرے جسم میں

اب مجھ کو اپنے جسم کے اندر تلاش کر

تنہائیوں کے گہرے سمندر میں ڈوب جا

زخموں کے پھول درد کے گوہر تلاش کر

تیرا بدن تو ٹوٹ گیا وصل ہی کی شب

اب آئنے میں خود کو نہ دن بھر تلاش کر

ہر دل سے مانگتا ہے جو تازہ لہو کی بھیک

بستی میں کوئی ایسا گداگر تلاش کر

میں تھک گیا ہوں خاک بیاباں کی چھان کر

موج نسیم تو ہی مرا گھر تلاش کر

دشت وفا میں یوں نہ بھٹک در بہ در نویدؔ

سر بن گیا ہے بوجھ تو پتھر تلاش کر

ہر صبح میں پتھر کی طرح سخت بنا ہوں (غزل)

ہر صبح میں پتھر کی طرح سخت بنا ہوں

شام آتے ہی شیشے کی طرح ٹوٹ گیا ہوں

گرتی ہوئی دیوار کے سائے میں ٹھہر کر

چڑھتے ہوئے سورج کی طرف دیکھ رہا ہوں

اک بار کسی نے مجھے دیوانہ کہا تھا

اب تک اسی لہجے کی ادا ڈھونڈ رہا ہوں

تم صبح کے دیوان میں شاداب کھڑی ہو

میں رات کی دلدل میں اترتا ہی چلا ہوں

میں اب بھی تری ریشمی پلکوں کی زمیں پر

سیال نگینوں کی چمک بن کے کھڑا ہوں

مزید غزلیں از علی الدین نوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں