پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد اللہ کمال کی غزلیں — Abdullah Kamal Ghazals

عبد اللہ کمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی جام جم آنکھیں شیشۂ بدن میرا (غزل)

اس کی جام جم آنکھیں شیشۂ بدن میرا

اس کی بند مٹھی میں سارا بانکپن میرا

میں نے اپنے چہرے پر سب ہنر سجائے تھے

فاش کر گیا مجھ کو سادہ پیرہن میرا

دل بھی کھو گیا شاید شہر کے سرابوں میں

اب مری طرح سے ہے درد بے وطن میرا

ایک دشت خاموشی اب مرا مقدر ہے

یاد بے صدا تیری زخم بے چمن میرا

آؤ آج ہم دونوں اپنا اپنا گھر چن لیں

تم نواح دل لے لو خطۂ بدن میرا

روز اپنے خوابوں کا خون کرتا رہتا ہوں

ہائے کن غنیموں سے آ پڑا ہے رن میرا

گاؤں کی ہواؤں نے پھر سندیسہ بھیجا ہے

منتظر تمہارا ہے خوشبوؤں کا بن میرا

بڑا مخلص ہوں پابند وفا ہوں (غزل)

بڑا مخلص ہوں پابند وفا ہوں

کسی کی سادگی پر رو پڑا ہوں

مری قیمت زمین و آسماں ہے

بہت انمول ہوں پھر بھی بکا ہوں

چھلکتا جام ہوں پھر بھی ہوں پیاسا

میں اپنے آپ میں اک کربلا ہوں

نہ جانے گفتگو کیا گل کھلائے

تمہاری خامشی سے جل گیا ہوں

کتاب دل کو دیمک لگ گئی ہے

تمہارا نام کیا ہے ڈھونڈھتا ہوں

ہزاروں داغ ہیں میرے بدن پر

نہ جانے کس کے دل کا راستہ ہوں

کمالؔ اس قتل گاہ روشنی میں

ہزاروں بار میں بجھ کر جلا ہوں

میری پیدائش کے بعد (نظم)

میری پیدائش کے بعد

سب سے پہلے میری ماں پیدا ہوئی

پھر دوسرے رشتے

تعلق

درد اور وابستگی

کائناتی رشتوں کا بار گراں

اور پھر

چپکے سے تو پیدا ہوئی

رنگ

خوشبو

خواب سا تیرا وجود

دائرہ در دائرہ

بے کراں وسعت سمیٹے

اک اکائی

میں نے تیرے رنگ خوشبو خواب سے

اپنے اندر اک جہان تازہ کی تعمیر کی

اور سفر پر چل پڑا

مثل موج تہ نشیں

اپنے ہی ساحل کاٹتا

گہرائیوں سے جوجھتا

آگے بڑھا

تحت اندر تحت کے لمبے سفر میں

تیرا پیکر میرا خواب

خواب میرا حوصلہ

خواب تیری جستجو

اپنی تلاش

آج تک گرم سفر ہوں

اندرون ذات اندر ذات

ہر طرف تیرا وجود

ہر طرف میرا ظہور

عکس اندر عکس میں

خواب اندر خواب تو

خواب کا یہ سلسلہ

دور تک پھیلا ہوا

خواب کی تجسیم کاری

زندگی میری

مرا زاد سفر

موسموں کی زد پہ ہیں تنہا ہوں آج

ایک بوسیدہ شجر سا

وقت کے نیزوں سے چھلنی

زرد شاخوں سے تعلق قطع ہونے کا قلق

خشک پتوں سے سکڑتے ٹوٹتے رشتوں کا غم

اور تڑختی چھالوں سے کمزور تر ہوتی ہوئی وابستگی کے کرب سے خستہ تر حال

دم بہ دم نزدیک آتی دھند کے اس پار سے

سن رہا ہوں آنے والے موسموں کے تازہ دم قدموں کی چاپ

سبز شاخوں تازہ پتوں اور نئی چھالوں کے گیت

تو کہاں ہے میرے خواب

آخری لمحہ ہے

آ مری آنکھوں سے دیکھ

مجھ سے پہلے

مر رہی ہے

لمحہ لمحہ آج

ساری کائنات

مزید غزلیں از عبد اللہ کمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں