علیم اللہ حالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بادلوں کے بیچ تھا میں بے سر و ساماں نہ تھا (غزل)
بادلوں کے بیچ تھا میں بے سر و ساماں نہ تھا
تشنگی کا زہر پی لینا کوئی آساں نہ تھا
کیا قیامت خیز تھا دریا میں موجوں کا ہجوم
ساحلوں تک آتے آتے پھر کہیں طوفاں نہ تھا
جانے کتنی دور اس کی لہر مجھ کو لے گئی
میں سمجھتا تھا کہ وہ دریائے بے پایاں نہ تھا
ہر طرف پت جھڑ کی آوازوں کی چادر تن گئی
دشت میں میری صدا کا جسم بھی عریاں نہ تھا
اس کے رنگ و صوت کے جگنو تھے دامن میں علیمؔ
کھو کے سب کچھ آنے والا بھی تہی داماں نہ تھا
جدا کیا تو بہت ہی ہنسی خوشی اس نے (غزل)
جدا کیا تو بہت ہی ہنسی خوشی اس نے
بدل دیا ہے اب انداز بے رخی اس نے
وہ رنگ رنگ اڑا خوشبوؤں میں پھیل گیا
جھٹک دیا ہے مرا دامن تہی اس نے
جسے سنا کے مجھے خوف سر زنش سا رہا
اسی کلام پہ بڑھ چڑھ کے داد دی اس نے
وہ میرے ساتھ شروع سفر چلا تھا مگر
ہجوم شہر میں لی راہ اور ہی اس نے
ہوا ہوں جرأت جرم وفا سے بھی محروم
سزا یہ دی کہ خطا میری بخش دی اس نے
اب اپنی کوئی صدا ہے نہ اپنا کوئی پتہ
پلا دیا ہے مجھے زہر آگہی اس نے
در سکوت پہ حالیؔ بہت ہے شور صدا
بپا کیا ہے وہ طوفان خامشی اس نے
یہ سمندر کئی بار اچھلا ہے (نظم)
یہ سمندر کئی بار اچھلا ہے
ہر بار
موجوں نے دور
ان بلند اور بالا
چٹانوں کے اس پار جانے کی خواہش میں
جستیں لگائی ہیں
اس طرح اچھلی ہیں
جیسے ادھر کی فضا
جو ابھی تک رسائی سے باہر تھی
اب دام نظارہ میں آ چکی ہے
مگر ان چٹانوں سے اس پار کی وسعتیں
اب بھی نادیدہ ہیں
آج بھی
وہ جو دیوار کی دوسری سمت میں ہے
مرے لفظ کی زد سے
باہر سے شاید