عبد اللہ جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی رشتہ نہ ہو پھر بھی رشتے بہت (غزل)
کوئی رشتہ نہ ہو پھر بھی رشتے بہت
آپ اپنے نہیں آپ اپنے بہت
راز رکھتے نہ ہم اس تعلق کو گر
لوگ روتے بہت لوگ ہنستے بہت
دل کی تنہائیوں کا مداوا نہیں
گھوم کر ہم نے دیکھے ہیں میلے بہت
اس ہی بنیاد پر کیوں نہ مل جائیں ہم
آپ تنہا بہت ہم اکیلے بہت
جب تھی منزل نظر میں تو رستہ تھا ایک
گم ہوئی ہے جو منزل تو رستے بہت
خواب تعبیر کے موڑ پر کھو گئے
یوں کہ تعبیر داں پڑ کے سوئے بہت
پیڑ کو کاٹنے والے دیکھیں ذرا
پیڑ پر ہیں بنے آشیانے بہت
ڈوبنے والے شاید یہ بتلا سکیں
ڈوبنے کو سہارے کے تنکے بہت
لگے ہے آسماں جیسا نہیں ہے (غزل)
لگے ہے آسماں جیسا نہیں ہے
نظر آتا ہے جو ہوتا نہیں ہے
تم اپنے عکس میں کیا دیکھتے ہو
تمہارا عکس بھی تم سا نہیں ہے
ملے جب تم تو یہ احساس جاگا
اب آگے کا سفر تنہا نہیں ہے
بہت سوچا ہے ہم نے زندگی پر
مگر لگتا ہے کچھ سوچا نہیں ہے
یہی جانا ہے ہم نے کچھ نہ جانا
یہی سمجھا ہے کچھ سمجھا نہیں ہے
یقیں کا دائرہ دیکھا ہے کس نے
گماں کے دائرے میں کیا نہیں ہے
یہاں تو سلسلے ہی سلسلے ہیں
کوئی بھی واقعہ تنہا نہیں ہے
بندھے ہیں کائناتی بندھنوں میں
کوئی بندھن مگر دکھتا نہیں ہے
ہو کس نسبت سے تم جاویدؔ صاحب
نہ ہونا تو ہے یاں ہونا نہیں ہے
کیا بات کریں (نظم)
کیا بات کریں
اے نوک زباں
باتیں ہی ساری ختم ہوئیں
اے چشم تماشا
دیکھیں کیا
آنکھیں ہی ساری زخم ہوئیں
احساس کے بند کواڑوں پر
اس سناٹے کا
پہرہ ہے
جس سناٹے کا نام نہیں