عبداللہ خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنوں کے درمیاں ہے مگر بے امان سا (غزل)
اپنوں کے درمیاں ہے مگر بے امان سا
دل بھی ستم رسیدہ ہے ہندوستان سا
نامہرباں ہے وقت مگر ایک مہرباں
سایہ فگن ہے سر پہ مرے آسمان سا
اغیار تنگ دل ہیں تو اپنے منافقین
میرا بھی حال زار ہے اردو زبان سا
محتاط قربتوں کا مزہ ہی عجیب ہے
میں خوش گمان سا ہوں نہ تو بد گمان سا
آلام و سانحات و حوادث کے رو بہ رو
کب تک یہ مشت خاک بنے گا چٹان سا
سیل شکست خواب گزر تو گیا مگر
آنکھوں میں رہ گیا ہے لہو کا نشان سا
اپنا سفر ہواؤں کے رحم و کرم پہ ہے
ہستی سفینہ رنگ ہے تن بادبان سا
اس دور میں سکون و قرار و قیام امن
خالدؔ مجھے تو لگتا ہے وہم و گمان سا
وقت ایسا بھی ہے آنے والا (غزل)
وقت ایسا بھی ہے آنے والا
خود بھی روئے گا رلانے والا
کچھ بھی ہو داد کا حق دار تو ہے
تیر پر تیر چلانے والا
مر گیا میں تو کہو گے سب سے
ہائے وہ خواب دکھانے والا
اف یہ خاموشی کا عالم جیسے
کوئی طوفان ہو آنے والا
نہ سنی آہ نہ آنسو دیکھے
کتنا بے مہر تھا جانے والا