علیم الدین علیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ دے طبیب دوا درد میں کمی کے لئے (غزل)
نہ دے طبیب دوا درد میں کمی کے لئے
کہ دل کا روگ ضروری ہے زندگی کے لئے
رہ حیات میں ٹھوکر نہ اب لگے گی تمہیں
کہ زخم دل ہیں مرے سب کی روشنی کے لئے
تھی اس کے جسم پہ بوسیدہ بے کسی کی ردا
مگر وہ مانگ رہا تھا دعا سبھی کے لئے
میں مانتا ہوں کہ نکلا ہے سچ کی کھوج میں وہ
مگر یہ کام نہیں سہل ہر کسی کے لئے
مری زبان پہ کب تک لگائے گا پہرہ
ضمیر بیچ رہا ہے جو برتری کے لئے
تلاش کرتا ہے دریا تو ریگ زاروں میں
یہ خودکشی کا ہے انداز تشنگی کے لئے
لگاتے خوب ہو مصرع مگر علیمؔ سنو
عروض جاننا لازم ہے شاعری کے لئے
اپنے لوگوں سے رابطہ رکھو (غزل)
اپنے لوگوں سے رابطہ رکھو
پاس رسم و رہ وفا رکھو
ٹوٹ جائے گا دل جدائی سے
آنے جانے کا سلسلہ رکھو
راہ دریا میں گر بنانا ہے
ہاتھ میں موسوی عصا رکھو
خلد ہے ان کے پاؤں کے نیچے
ماں کو کس نے کہا خفا رکھو
ناؤ خود ہی بھنور سے نکلے گی
ناخدا ہو تو حوصلہ رکھو
حال چہرے کا وہ بتا دے گا
سامنے اپنے آئنہ رکھو
فیصلہ کیا کرے گا وہ جانے
تم مگر اپنا مدعا رکھو
ہے اسی میں علیمؔ دانائی
اپنے دشمن کو ہم نوا رکھو