پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبداللہ علی ہاشمی کی غزلیں — Abdullah Ali Hashmi Ghazals

عبداللہ علی ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ سے شکوہ نہیں غیروں سے بنانے والے (غزل)

تجھ سے شکوہ نہیں غیروں سے بنانے والے

کیا ہی کر لیتے ہیں وعدوں کو نبھانے والے

جب ترے دل سے گئے تب کہیں جا کر سمجھا

کیسے جاتے ہیں وطن چھوڑ کے جانے والے

مسکراتے ہوئے اچھا تو وہ لگتا ہے مگر

کیسے ہنستے ہیں کسی دل کو جلانے والے

بے وفا مان سے آ ہم بنو ہاشم کی طرف

ہم نے بخشے ہیں کلیجوں کو چبانے والے

اس کی راہوں سے الگ خاک اڑائی میری

کیسے ظالم ہیں مری لاش اٹھانے والے

ایسی حالت میں در بدر مرے دوست (غزل)

ایسی حالت میں در بدر مرے دوست

یوں ہی پھرنا ہے عمر بھر مرے دوست

اس کا ممکن نہیں پلٹ آنا

مجھ کو معلوم ہے مگر مرے دوست

راہ دل میں یہ سر تو کیا شے ہے

ہم لٹاتے ہیں گھر کا گھر مرے دوست

اپنی بانہوں کو اوڑھنے دے مجھے

مجھ کو لگنے لگا ہے ڈر مرے دوست

زندگی یوں بھی تیرے بعد کہیں

کٹ ہی جانی ہے بے ثمر مرے دوست

تو محبت ہے پے بہ پے مری جاں

میں کہ وحشت ہوں سر بہ سر مرے دوست

رفتگاں لوٹ کر نہیں آتے

پھر بھی لوٹ آئے تم اگر مرے دوست

چل کہ مدت ہوئے ہے گھر کو گئے

چل ناں چلتے ہیں ضد نہ کر مرے دوست

مزید غزلیں از عبداللہ علی ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں