پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی ظہیر رضوی لکھنوی کی غزلیں — Ali Zaheer Rizvi Lakhnavi Ghazals

علی ظہیر رضوی لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ورق انتخاب دل میں ہے (غزل)

ورق انتخاب دل میں ہے

ایک تازہ کتاب دل میں ہے

کس کو دکھلاؤں اپنے جی کا حال

روشن اک آفتاب دل میں ہے

روشنی ہے اسی کے چہرے کی

وہ جو اک ماہتاب دل میں ہے

بند آنکھوں میں ایک عالم ہے

کسی منظر کا خواب دل میں ہے

سب ہی سینے میں ہو رہا ہے ظہیرؔ

درد کی کائنات دل میں ہے

دل یہ کہتا ہے کہ اک عالم مضطر دیکھوں (غزل)

دل یہ کہتا ہے کہ اک عالم مضطر دیکھوں

بارش سنگ میں لوگوں کو کھلے سر دیکھوں

پھر وہ موسی کا عصا نیل کا شق ہو جانا

فوج فرعون کا میں ڈوبتا منظر دیکھوں

آئنے توڑ کے دوڑوں میں کسی جنگل کو

اپنی صورت کو کسی جھیل کے اندر دیکھوں

میرا سب لے لو مجھے ایک محبت دے دو

شہر میں ایسی بھی آواز لگا کر دیکھوں

جانتا ہوں کہ چھپا ہے وہ کہیں سینے میں

کاش اس درد کی صورت کو میں باہر دیکھوں

اس نے اک روز محبت سے بلایا تھا مجھے

میں تو ہر روز اسے اپنے برابر دیکھوں

دور تک ایک ہی منظر ہے مکانوں کا ظہیرؔ

کس طرف جاؤں میں کس اور مرا گھر دیکھوں

جب جنازہ جا رہا تھا (نظم)

جب جنازہ جا رہا تھا

رات کی خاموش باہوں کی طرف

اور زمیں کا ایک حصہ

اپنا منہ کھولے ہوئے تھا منتظر

میں بھی تھا پیچھے تمہارے

ساتھ سب کے

اور جدا سب سے

میں اکیلا لوٹ کر آیا تھا گھر

اب بھی اکثر

لوٹتا ہوں میں اکیلا

مزید غزلیں از علی ظہیر رضوی لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں