پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد الرؤوف شوق کی غزلیں — Abdul Rauf Shauq Ghazals

عبد الرؤوف شوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسئلوں میں گھرے سے رہتے ہیں (غزل)

مسئلوں میں گھرے سے رہتے ہیں

چاند تارے بجھے سے رہتے ہیں

نیند ہے اب جدا نگاہوں سے

رات بھر رتجگے سے رہتے ہیں

ہو گئے خواب بھی جدا ہم سے

آج کل وہ ڈرے سے رہتے ہیں

داستان جگر بیاں کر دی

قصے کچھ ان سنے سے رہتے ہیں

دھڑکنوں میں بسا جو کرتے تھے

ان سے اب فاصلے سے رہتے ہیں

میری تقدیر سو گئی لیکن

دل کے ارماں جگے سے رہتے ہیں

دل کہیں رہتا ہے اور ذہن کہیں رہتا ہے (غزل)

دل کہیں رہتا ہے اور ذہن کہیں رہتا ہے

وقت کا پیار میں احساس نہیں رہتا ہے

چاند سے چہرے پہ مغرور تو اتنا کیوں ہے

یہ بتا مجھ کو سدا کون حسیں رہتا ہے

آسماں چاند ستاروں پہ نہ اترا اتنا

صحن میں میرے بھی اک ماہ جبیں رہتا ہے

دیوتا کوئی نہیں دل کے شوالے میں مرے

کوئی ہمدرد کہاں اس میں مکیں رہتا ہے

ساتھ رہتا ہے وہی جو بھی یہاں اپنا ہے

دور آنکھوں سے ہو پر دل میں کہیں رہتا ہے

مزید غزلیں از عبد الرؤوف شوق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں