پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی یاور کی غزلیں — Ali Yawar Ghazals

علی یاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نصیبہ رنگ یوں لایا ہمارا (غزل)

نصیبہ رنگ یوں لایا ہمارا

علی سے جا ملا شجرہ ہمارا

بتائیں ہم تمہیں رتبہ ہمارا

ہے رشتہ میں علی دادا ہمارا

برستی ہیں ابھی آنکھیں ہماری

ابھی سوکھا نہیں دریا ہمارا

کتابیں اس لئے بھی بیچ ڈالیں

یہ غربت کھا گئی بستہ ہمارا

نکالا تھا کبھی دل سے تمہیں نے

تو اب تکتے ہو کیوں رستہ ہمارا

ملے جب خاک میں تیری گلی کی

مکمل تب ہوا قصہ ہمارا

اسے اپنا سمجھ کر جی رہے تھے

سو ٹوٹا آج وہ سپنا ہمارا

خدا کا فضل ہے یاورؔ یہ ہم پر

بچا ہے آج تک سجدہ ہمارا

بوجھ غربت کا اٹھاتے ہوئے مر جاتے ہیں (غزل)

بوجھ غربت کا اٹھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

آنکھ بچوں سے ملاتے ہوئے مر جاتے ہیں

عشق میں ناز اٹھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

وہ جو وعدے کو نبھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

موڑ آتے ہیں کہانی میں کچھ ایسے ایسے

لوگ کردار نبھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

یہ غریبی ہے فقط اس میں اے میرے ہمدم

خود کو ہم خواب دکھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

کیسی دنیا ہے سمجھ میں نہیں آتا کچھ بھی

لوگ لوگوں کو بچاتے ہوئے مر جاتے ہیں

کر دیا رب نے ہمیں ان کے حوالے یاورؔ

جو ہمیں اپنا بتاتے ہوئے مر جاتے ہیں

مزید غزلیں از علی یاور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں