عبد السلام بنگلوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آگ سینوں میں جلا کر رکھیے (غزل)
آگ سینوں میں جلا کر رکھیے
خواب آنکھوں میں بسا کر رکھیے
راحتوں سے لگے صدمے بھی ہیں
دل کو مضبوط بنا کر رکھیے
عید کا دن ہے گلے مل لیجے
اختلافات ہٹا کر رکھیے
نفرتیں دل سے نکل جائیں گی
ہاتھ دشمن سے ملا کر رکھیے
تاب زنجیر نہیں ہے دل کو
زلف پیچاں کو سجا کر رکھیے
یاد آ جائے گی دیوانے کی
پھول جوڑے میں لگا کر رکھیے
جانے والا نہ کبھی آئے گا
دل میں یادوں کو بسا کر رکھیے
عشق کی آگ ہے منہ زور سلامؔ
اپنے دامن کو بچا کر رکھیے
دل کی حالت بیاں نہیں ہوتی (غزل)
دل کی حالت بیاں نہیں ہوتی
خامشی جب زباں نہیں ہوتی
حرف حسرت ہے تم نے کیا سمجھا
زندگی داستاں نہیں ہوتی
کیا مقابل ہو حسن جاناں کے
چاندنی بے کراں نہیں ہوتی
تم جو آؤ تو ہو جواں محفل
ورنہ کب کہکشاں نہیں ہوتی
حسن کی بے رخی ادا ٹھہری
عاشقی بد گماں نہیں ہوتی
بے قراری کی بس دوا تم ہو
یہ طبیبوں کے ہاں نہیں ہوتی
جو یہ ہندوستاں نہیں ہوتا
تو یہ اردو زباں نہیں ہوتی
کچھ مراسم سلامؔ رہنے دے
دشمنی جاوداں نہیں ہوتی