پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی تاصف کی غزلیں — Ali Tasif Ghazals

علی تاصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کام حرص و ہوس کا تھوڑی ہے (غزل)

کام حرص و ہوس کا تھوڑی ہے

عشق ہر اک کے بس کا تھوڑی ہے

وہ مری دسترس میں ہے لیکن

مسئلہ دسترس کا تھوڑی ہے

آہ آزاد چھوڑ دے کہ میاں

یہ پرندہ قفس کا تھوڑی ہے

تا بہ کے سر پہ آسمان اٹھائیں

ہجر یک دو نفس کا تھوڑی ہے

اب تو بس صور پھونکئے کہ یہ کام

اب صدائے جرس کا تھوڑی ہے

اپنی تنہائی چھوڑ دوں کیوں کر

ساتھ اک دو برس کا تھوڑی ہے

جست بھرنے کا وقت ہے تاسفؔ

وقت یہ پیش و پس کا تھوڑی ہے

ہموار کھینچ کر کبھی دشوار کھینچ کر (غزل)

ہموار کھینچ کر کبھی دشوار کھینچ کر

تنگ آ چکا ہوں سانس لگاتار کھینچ کر

میداں میں گر نہ آتا میں تلوار کھینچ کر

لے جاتے لوگ مصر کے بازار کھینچ کر

خاطر میں کچھ نہ لائے گا یہ سیل اشک ہے

تم روکتے ہو ریت کی دیوار کھینچ کر

اکتا چکا یہ دل بھی نظر بھی میں آپ بھی

مدت سے تیری حسرت دیدار کھینچ کر

اے زیست تیرا فیصلہ کرنے لگا تھا میں

لاتے اگر نہ مجھ کو مرے یار کھینچ کر

ہرگز یہ ایسے ماننے والی نہیں میاں

دنیا کو دو لگا سر بازار کھینچ کر

جاتا رہا وہ کیف نہاں جو چبھن میں تھا

پچھتا رہا ہوں پاؤں کے اب خار کھینچ کر

میرے خیال میں تھی کہانی یہیں تلک

اب کیوں بڑھائے جاتے ہیں کردار کھینچ کر

تاسفؔ اگر ہے مال کھرا تو یقین رکھ

لائے گا آپ اپنے خریدار کھینچ کر

مزید غزلیں از علی تاصف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں