پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرحمان بزمی کی غزلیں — Abdul Rahman Bazmi Ghazals

عبدالرحمان بزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عبث ڈھونڈا کئے ہم ناخداؤں کو سفینوں میں (غزل)

عبث ڈھونڈا کئے ہم ناخداؤں کو سفینوں میں

وہ تھے آسودۂ ساحل ملے ساحل نشینوں میں

وہ اوروں کے بتوں کو توڑنے والوں کو دیکھو تو

چھپائے پھرتے ہیں اپنے بتوں کو آستینوں میں

ہماری بیکسی اور ناتوانی کا خدا حافظ

کہ تلواریں ہیں پنہاں رہبروں کی آستینوں میں

چھلک جاتی ہے اشک گرم بن کر میری آنکھوں سے

ٹھہرتی ہی نہیں صہبائے درد ان آبگینوں میں

مرے اشعار ہیں آئینۂ سوز دروں بزمیؔ

جھلکتا ہے مرا خون جگر ان آبگینوں میں

تجھ کو اغراض جہاں سے ماورا سمجھا تھا میں (غزل)

تجھ کو اغراض جہاں سے ماورا سمجھا تھا میں

پیکر اخلاص تصویر وفا سمجھا تھا میں

جب لیا نام خدا کشتی کنارے لگ گئی

جانے کس کس بو الہوس کو ناخدا سمجھا تھا میں

تھا کسی ظالم کا اپنا مدعائے زندگی

جس کو اپنی زندگی کا مدعا سمجھا تھا میں

تھا کسی گم کردۂ منزل کا نقش بے ثبات

جس کو میر کارواں کا نقش پا سمجھا تھا میں

انتہائے یاس میں اب کیا کہوں؟ کس سے کہوں؟

ابتدائے شوق میں کس کس کو کیا سمجھا تھا میں

آ گیا جب آ گیا ان کو خیال التفات

اپنے شوق دل کو بزمیؔ نارسا سمجھا تھا میں

مزید غزلیں از عبدالرحمان بزمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں