پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی الحسنین کی غزلیں — Ali Ul Hasnain Ghazals

علی الحسنین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیا سلائی بنا تیل جلنے والی نہیں (غزل)

دیا سلائی بنا تیل جلنے والی نہیں

بغیر عشق کے یہ عمر کٹنے والی نہیں

کسی کی یاد ہے جو جان پر بنی ہوئی ہے

یہ وہ گھٹا ہے جو بارش سے ٹلنے والی نہیں

کچھ اس طرح سے جدا ہو گئے ہیں ہم دونوں

میں ہنسنے والا نہیں اور وہ رونے والی نہیں

محاذ عشق سے ہر شخص کامیاب آئے

دعا کریں گے مگر بات ہونے والی نہیں

میں گھر پلٹنے میں عجلت تو کر رہا ہوں مگر

یہ شام شام جدائی ہے ڈھلنے والی نہیں

عدو کہتے ہیں میں اچھا نہیں ہوں (غزل)

عدو کہتے ہیں میں اچھا نہیں ہوں

برا ہوں کیونکہ ان جیسا نہیں ہوں

در و دیوار ہیں ہم راز میرے

اکیلا ہوں مگر تنہا نہیں ہوں

اٹھایا تھا مجھے پہلو سے تو نے

کسی پہلو میں پھر بیٹھا نہیں ہوں

درون دل تری یادیں ہیں اب بھی

میں تجھ کو بھول تو پایا نہیں ہوں

بچھڑ کر بھی ہنسوں خوش باش رہ لوں

منافق ہوں مگر اتنا نہیں ہوں

کسی کے بس میں ہو تو پار کر لے

میں گہرا ہوں مگر میلا نہیں ہوں

سمجھتی ہے مجھے وہ دوسروں سا

مگر میں دوسروں جیسا نہیں ہوں

علی کا چاہنے والا تھا سو میں

اکیلا تھا مگر بھاگا نہیں ہوں

صبح تھی شام ڈھلنے کو ہے (نظم)

صبح تھی شام ڈھلنے کو ہے

دن کا نام و نشاں تک نہیں

کچھ پتہ ہی نہیں ہے کہ کب سورج اپنی جوانی گنواتے ہوئے

بادلوں کو جلاتے ہوئے

تھک کے تاریکیوں کے تسلط کے آگے تپش اور چمک ماند کر کے کسی دوسرے ملک میں جا چکا ہے

خبر ہے کہ

اب وہ وہاں پر لڑکپن میں ہے

اور جلدی جواں ہو کے پھر سے بڑھاپے میں جانے کو تیار ہے

سائنسی تجزیہ کار کہتے ہیں

یہ سب زمیں کی وجہ سے ہوا ہے

یہ ساکن نہیں

خیر ساکن تو کچھ بھی نہیں

کس قدر بے خیال آدمی ہوں میں کتنا برا ہوں

جسے آج کل دن کی عظمت کا احساس بالکل نہیں ہے

حالت حال ایسی ہے کہ

دن کا سوتے ہوئے بیت جانا

رات کا جاگتے جاگتے کاٹنا

اور مسلسل کسی بے کنارہ لہر کی طرح بہتے بہتے سکوں ڈھونڈھنا

بے طرح زندگی کے سبھی قاعدے توڑنا

ذہن کو یاد ماضی کی کانٹوں بھری سخت دیوار پر مارنا

اور پھر یاد کے زخم سے خوں کی دھاریں نکلتے ہوئے دیکھنا

کبھی بے خیالی میں ہنسنا

کبھی دل کے اندر بنی قبر پر بیٹھ کر گھنٹوں رونا

کبھی آنکھ سے بہتے آنسو چھپانا

کبھی اپنے ہارے ہوئے شخص کے بارے میں ہر کسی کو بتانا

مگر

جب کبھی ان خرابوں سے فرصت ملے سوچتا ہوں کہ

یہ زندگی ہے

تو کیا زندگی ہے

میں کتنا اکیلا ہوں

اب کوئی بھی تو نہیں جو کہے کہ اسے مجھ سے کچھ کہنا ہے

یا اسے مجھ سے کچھ کام ہے

صبح تھی

شام ہے

مزید غزلیں از علی الحسنین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں