پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالقیوم زکی اورنگ آبادی کی غزلیں — Abdul Qayyum Zaki Aurangabadi Ghazals

عبدالقیوم زکی اورنگ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راز دل ان پر نہ افشا کیجئے (غزل)

راز دل ان پر نہ افشا کیجئے

آرزوؤں کو نہ رسوا کیجئے

اشک سوزاں کو نہ چھیڑا کیجئے

آگ پانی سے نہ کھیلا کیجئے

زیر خنجر بھی نہ تڑپا کیجئے

آفتوں میں مسکرایا کیجئے

چپکے چپکے خوب رویا کیجئے

یوں لگی دل کی بجھایا کیجئے

آپ کی الفت میں سب کچھ کھو چکے

اب کہاں آنسو کہ رویا کیجئے

لذت درد نہاں مل جائے گر

عمر بھر پھر آپ تڑپا کیجئے

پھر کہاں یہ لذت سوز نہاں

زخم دل کا کیوں مداوا کیجئے

آرزو ہی جب کوئی باقی نہ ہو

کیوں کسی کی پھر تمنا کیجئے

عشق رسوا اے ذکیؔ گر ہو تو ہو

حسن کو لیکن نہ رسوا کیجئے

تپتا ہوا کسی کے کوئی آبلہ نہ ہو (غزل)

تپتا ہوا کسی کے کوئی آبلہ نہ ہو

یا رب ہماری طرح کوئی دل جلا نہ ہو

تیری گلی کو چھوڑ کے جائے وہ پھر کہاں

تیرے سوا جسے کوئی اور آسرا نہ ہو

آؤ نہ آج مل کے کریں کلفتوں کو دور

یہ کون جانتا ہے کہ کل کیا ہو کیا نہ ہو

جو چاہو کر گزارو تمہیں روکتا ہے کون

یہ سچ کہا کسی نے کہ بندہ خدا نہ ہو

تا حشر درد دل سے رہوں لذت آشنا

یا رب وہ درد بخش جو مجھ سے جدا نہ ہو

مر جائے سر نہ پھوڑ کر اپنا تو کیا کرے

وہ غم نصیب جس کو کوئی آسرا نہ ہو

وہ صاعقہ بدوش چلے آ رہے ہیں آج

منظر یہ دل ربا کہیں صبر آزما نہ ہو

انگڑائیاں کسی کی وہ پھر یاد آ گئیں

پھر شورش جنوں میں کوئی مبتلا نہ ہو

پھر بے نقاب آج ہے وہ شاہد جمال

غش کھا کے کوئی طور پہ دیکھو گرا نہ ہو

چنگاریاں سی اڑتی ہیں پہلو سے کیوں ذکیؔ

قلب و جگر کو دیکھو کہیں آبلہ نہ ہو

زمیں سے آسماں تک سردیوں کا فیض جاری ہے (نظم)

زمیں سے آسماں تک سردیوں کا فیض جاری ہے

کہ ان خاموش راتوں میں مسلسل برف باری ہے

چھپے بیٹھے ہیں سردی سے پرندے آشیانوں میں

جدھر دیکھو چھپے بیٹھے ہیں سب اپنے مکانوں میں

ہوائیں سرد چلتی ہیں فضائے آسمانی سے

لٹے ہیں نقرئی کہرے فلک کی راجدھانی سے

مگر اس برف باری سے ہے کیا غم مالداروں کو

کہ ڈر طوفاں سے کچھ ہوتا نہیں ہے آبشاروں کو

مصیبت کی گھڑی کا کیا اثر ہو زرپرستوں پر

کہ ہوتی ہے زمیں بھی تنگ اکثر تنگ دستوں پر

گزر اوقات کرتے ہیں کبھی دیوار کے نیچے

کبھی اشجار کے نیچے کبھی کہسار کے نیچے

یہ دنیا ہے امیروں کی غریبوں کی نہیں دنیا

کہیں پر کاش ہوتی نا توانوں کی بھی اک دنیا

جہاں پر پیٹ بھرنے کے لئے نان جویں ملتی

ذرا آرام کرنے کے لئے تھوڑی زمیں ملتی

جہاں ان بے نواؤں کا بھی ہمدرد آسماں ہوتا

جہاں تسکین دل ہوتی جہاں آرام جاں ہوتا