پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی شیران کی غزلیں — Ali Shiran Ghazals

علی شیران کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا یہ مقتول کی اولاد کی توہین نہیں (غزل)

کیا یہ مقتول کی اولاد کی توہین نہیں

ایک بھی شخص بھرے شہر میں غمگین نہیں

دوستی وجہ اذیت بھی ہوا کرتی ہے

جیسے میں تیرے لیے باعث تسکین نہیں

میں نے دن رات کو ہر رنگ میں ڈھلتے دیکھا

کوئی رخ وقت کی تصویر کا رنگین نہیں

اجنبی سوچ کے آنا مری مٹی کی طرف

کرۂ ارض کا ہر ملک فلسطین نہیں

روز لگتے ہیں بھلے مجھ کو ہزاروں چہرے

دل کی تکلیف کا باعث کوئی دو تین نہیں

کچھ تغیر میں اگر ہے تو دکھا آنکھوں کو

زندگی میں ترے دن رات کا شوقین نہیں

ایسا ممکن ہی نہیں درد میں ہر فرد نہ ہو (غزل)

ایسا ممکن ہی نہیں درد میں ہر فرد نہ ہو

کوئی چہرہ تو دکھا خوف سے جو زرد نہ ہو

تیرا شفاف بدن خاک نہیں پتھر ہے

کیسے ممکن ہے بدن خاک کا ہو گرد نہ ہو

ایسا احساس ہے جینے میں نہ مر جانے میں

دل میں ٹھنڈک بھی رہے اور بدن سرد نہ ہو

کوئی تعویذ بتا جس کے اثر سے مرشد

زخم پر زخم تو آ جائے مگر درد نہ ہو

دیکھتا ہوں تو جگر پھٹنے کو آ جاتا ہے

میرے مولا کوئی معذور جواں مرد نہ ہو

مزید غزلیں از علی شیران ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں