عبدالقوی ضیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوچتا ہوں کہ وہ کیسا ہوگا (غزل)
سوچتا ہوں کہ وہ کیسا ہوگا
آئینہ ہوگا کہ چہرا ہوگا
جب کھلی ہوتی ترے دوش پہ زلف
ابر بھی ٹوٹ کے برسا ہوگا
جس کے جلووں کی کوئی حد ہی نہیں
میں نے کتنا اسے چاہا ہوگا
لوگ فردوس جسے کہتے ہیں
اس زمیں کا کوئی ٹکڑا ہوگا
جام کیوں ہاتھ سے گر جاتا ہے
میکدے میں کوئی پیاسا ہوگا
محفلیں کرتی ہیں خود اس کا طواف
کون کہتا ہے وہ تنہا ہوگا
اس کی محفل میں چلے ہو تو ضیاؔ
دیدہ و دل پہ بھی پہرہ ہوگا
آنکھوں میں ہیں جو خواب کوئی جانتا نہیں (غزل)
آنکھوں میں ہیں جو خواب کوئی جانتا نہیں
اس دل کا اضطراب کوئی جانتا نہیں
ہے اپنی اپنی پیاس کا ہر ایک کو خیال
دریا بھی ہے سراب کوئی جانتا نہیں
یہ جانتے ہیں لوگ کہ انجام کیا ہوا
کیوں آیا انقلاب کوئی جانتا نہیں
ذرے کی روشنی کو سمجھتے ہیں سب حقیر
ہے وہ بھی آفتاب کوئی جانتا نہیں
اک حشر سا بپا ہے عناصر کے درمیاں
کس میں ہے کتنی تاب کوئی جانتا نہیں
دعویٰ تو اپنے علم کا سب کو ہے اے ضیاؔ
کیا چیز ہے کتاب کوئی جانتا نہیں