علی رضا اسیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دن مہاجر ہے مرا رات فراقی ساقی (غزل)
دن مہاجر ہے مرا رات فراقی ساقی
رشتۂ جاں مرے ہستی سے طلاقی ساقی
میرے ایمان کے پاؤں جلے جاتے ہیں جہاں
تیرا مے خانہ وہ صحرائے عراقی ساقی
حسن کی مے نہ دے مجھ کو ہوں بصیرت سے نڈھال
تاب نظروں میں نہیں اب مری باقی ساقی
ایک شاعر نے کہا شعر میں زاہد زاہد
ایک شاعر نے کہا شعر میں ساقی ساقی
مطمئن مجھ کو نہ کر جھوٹی تسلی دے کر
گر صراحی میں تری مے نہیں باقی ساقی
ہنوز یاد ہے وہ لمحۂ خطاب ترا (غزل)
ہنوز یاد ہے وہ لمحۂ خطاب ترا
مرے ہزار سوالوں پہ اک جواب ترا
ہے اب بھی یاد مرے دل کو آگ بخشتے وقت
مچل رہا تھا جو ہونٹوں کا التہاب ترا
شبوں کو دیر سے بیدار عاشقی تھی یہاں
بدل رہا تھا وہاں کروٹیں شباب ترا
لباس شب کو کیا تھا سحر نے زیب تن
کہ میں نے دیکھا تھا بس جلوۂ حجاب ترا
نظر ملے جو دوبارہ تو تجھ کو لوٹا دوں
جو خواب پلکوں نے میری لیا تھا داب ترا
تری گلی میں جو پہنچا تو میں نے یہ دیکھا
مری نگاہ سے حیراں تھا حسن باب ترا