پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمتین جامی کی غزلیں — Abdul Matin Jami Ghazals

عبدالمتین جامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی چھلکتی آنکھ کے تارے گواہ ہیں (غزل)

اپنی چھلکتی آنکھ کے تارے گواہ ہیں

اشکوں میں ڈوبے شب کے نظارے گواہ ہیں

سوکھا ہے میرے جسم میں کتنا لہو نہ پوچھ

حالات کے سلگتے شرارے گواہ ہیں

ہم نے ہی روح پھونکی تھی دشت خیال میں

فطرت کے یہ حسین اشارے گواہ ہیں

سوتے ہیں میری فکر کے اب تک رواں دواں

بحر وجود کے یہ کنارے گواہ ہیں

میری اڑان تاروں کے بالکل قریب تھی

علم و ہنر کے سارے غبارے گواہ ہیں

جامیؔ نے بھی عروج کے دیکھے ہیں روز و شب

عظمت کے وہ تمام منارے گواہ ہیں

نہ آسماں میں زمیں میں نہ کائنات میں ہے (غزل)

نہ آسماں میں زمیں میں نہ کائنات میں ہے

وہ حسن جو کہ ازل ہی سے تیری ذات میں ہے

یہ رنگ و نور یہ خوشبو یہ موج ہائے بہار

مسرتوں کا خزانہ رہ حیات میں ہے

چھپا نہ پائے گا کوئی بھی مجھ سے راز حیات

کہ آئنہ غم دوراں کا میرے ہاتھ میں ہے

جو راگ صرف تھا محدود میری ذات تلک

وہ بن کے ایک ترانہ سا کائنات میں ہے

زمین بوس ابھی ہوگا فکر و فن کا محل

اک انتشار سا دنیائے بے ثبات میں ہے

یہ آدمی کا ہے جنگل ذرا سنبھل کے چلو

یہاں تو ناگ ہوس کا تمہاری گھات میں ہے

بدل ہی جائے گی جامیؔ تمہاری طرز کلام

اک انقلاب کی خوشبو تمہاری بات میں ہے

مزید غزلیں از عبدالمتین جامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں