پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی رضا بلوچ کی غزلیں — Ali Raza Baloch Ghazals

علی رضا بلوچ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ فائدے بھی ہوتے ہیں اجڑے مکان کے (غزل)

کچھ فائدے بھی ہوتے ہیں اجڑے مکان کے

الفاظ اس میں گونجتے ہیں رفتگان کے

اے چاند اس میں تیری بھی سازش ضرور ہے

تارے کدھر گئے ہیں مرے آسمان کے

اڑ جائے گا یقین کے پنجرے کو توڑ کر

تھوڑے سے پر نکلنے دو وہم و گمان کے

غزلیں مری بچا لو برے وقت کے لیے

الفاظ بیچ ڈالنا مجھ بے زبان کے

کربل کی ریت دیکھ کے اتنے تھے مطمئن

جیسے کہ منتظر ہوں اسی امتحان کے

اک بار میرے لفظوں کو پڑھ کر زبان سے

کردار زندہ کر دو مری داستان کے

اتنا اثر تو رکھتی ہے ماں کی دعا علیؔ

دیکھے ہیں میں نے کھلتے کواڑ آسمان کے

کچھ اس طرح کا عجب امتحان دینا پڑا (غزل)

کچھ اس طرح کا عجب امتحان دینا پڑا

مجھے زمیں کے عوض آسمان دینا پڑا

تو جانتا ہی نہیں دين مصطفیٰ کیا ہے

حسین جانے جسے خاندان دینا پڑا

جو مجھ پہ اپنے ہی لشکر سے تیر آنے لگے

عدو سے ہٹ کے محافظ پہ دھیان دینا پڑا

سمٹ رہا تھا مرا سایہ دھوپ کے ڈر سے

دہکتے سائے کو پھر سائبان دینا پڑا

وہ جانتا ہے تری اک نظر کی قیمت کو

کہ دل کے ساتھ جسے اک جہان دینا پڑا

وہ بے نشان تھا لیکن مرے توسط سے

پھر اپنے ہونے کا اس کو نشان دینا پڑا

بھٹک رہا تھا ہتھیلی پہ لے کے اپنا شباب

مجھے پھر اس کو یہ دل کا مکان دینا پڑا

مزید غزلیں از علی رضا بلوچ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں