پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمتین نیاز کی غزلیں — Abdul Mateen Niyaz Ghazals

عبدالمتین نیاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے رکھیں گے سر پہ کسی کا ادھار ہم (غزل)

کیسے رکھیں گے سر پہ کسی کا ادھار ہم

قرض وفا میں کرتے ہیں سر کا شمار ہم

افسوس اسی چمن میں ہوئے بے وقار ہم

جس کو کہ چاہتے رہے دیوانہ وار ہم

الفاظ مدح خواں تھے قلم تھے بکے ہوئے

کیسے تراش لیتے کوئی شاہ کار ہم

ملنا ہمارا خاک میں ضائع نہ جائے گا

دے جائیں گے چمن کو شعور بہار ہم

کوئی سپر بچا نہ سکے گی حضور کو

تلوار سے سخن کی کریں گے جو وار ہم

اے زندگی نہ ہم سے چھپا راز زندگی

ہر سانس میں ہیں تیرے ہی آئینہ دار ہم

ڈالیں اب ایک اور روایت کی داغ بیل

دشمن پہ اے نیازؔ کریں اعتبار ہم

میں شب ہجر کیا کروں تنہا (غزل)

میں شب ہجر کیا کروں تنہا

یاد میں تیری گم رہوں تنہا

ہیں ادھر گردشیں زمانے کی

ہے مقابل ادھر جنوں تنہا

کتنے بے نور ہیں یہ ہنگامے

میں بھرے شہر میں بھی ہوں تنہا

آدمی گھر گیا مسائل میں

رہ گئی زیست بے سکوں تنہا

وہ تو اس دور کے نہیں انساں

مل گیا ہے جنہیں سکوں تنہا

ہم سفر جب نیازؔ اندھیرے ہیں

شمع گھبرا رہی ہے کیوں تنہا

پکوان کیا مزے کے لاتا ہے چاٹ والا (نظم)

پکوان کیا مزے کے لاتا ہے چاٹ والا

لے کر بڑا سا تھیلا آتا ہے چاٹ والا

بمبئی کی بھیل پوری اجین کی کچوری

کھا کر انہیں ہوئی ہے ہر اک زباں چٹوری

رگڑا مسالہ بچو جس شخص نے نہ کھایا

سمجھو کہ زندگی کا اس نے مزہ نہ پایا

ٹکیاں یہ آلوؤں کی اس پر مزے کے چھولے

لذت جو ان کی پائے گونگا زبان کھولے

دیکھو دہی بڑا تو آتا ہے منہ میں پانی

اکثر تو نام ان کا لاتا ہے منہ میں پانی

یوں سرخ سے تلے ہیں یہ پپڑیاں سموسے

جو اک نظر بھی دیکھے کھانے کی بات سوچے

گرما گرم پکوڑے چٹنی پھر املیوں کی

آلو بڑے مزے کے مرچیں بھی تیز تیکھی

کھانا ضرور بچو آخر میں پانی پوری

اس کو اگر نہ کھاؤ پھر چاٹ ہے ادھوری

لکھی نیازؔ نے بھی یہ نظم چاٹ کھا کر

تم بھی سناؤ بچو سب کو یہ نظم گا کر

مزید غزلیں از عبدالمتین نیاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں