پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی منظور حیدرآبادی کی غزلیں — Ali Manzoor Hyderabadi Ghazals

علی منظور حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن ان کا اپنے ذوق دید میں پاتا ہوں میں (غزل)

حسن ان کا اپنے ذوق دید میں پاتا ہوں میں

سامنے ہو کر وہ چھپتے ہیں تڑپ جاتا ہوں میں

عشرت جلوہ بھی ہو جائے جہاں حیرت زدہ

اے خیال دوست اس منزل پہ گھبراتا ہوں میں

دیکھتا ہوں اپنے غم خواروں کی جب بے دردیاں

حسن بے پردہ کی رہ رہ کر قسم کھاتا ہوں میں

انتظار اس کا ہے کتنا جاں گسل کیونکر کہوں

خط میں جس کا نام ہی لکھ کر تڑپ جاتا ہوں میں

کب سنبھلنے دے گی غش سے ان کی چشم برق پاش

مژدہ باد اے بے خودی آتے ہیں وہ جاتا ہوں میں

بے خیالی میں کبھی اپنی زبان حال سے

خستہ حالی کے مزے ان کو بھی سمجھاتا ہوں میں

آہ اب تک کی نہیں سیر بہارستان دل

اک خیالی رو میں اے ہمدم بہا جاتا ہوں میں

حیرت افزا ہے مرا عشق محبت آفریں

خود ہی اب مضطر نہیں ان کو بھی تڑپاتا ہوں میں

راستہ چھوڑ اے تغافل میرے گھر آتے ہیں وہ

رہبری کر اے تمنا ان کے گھر جاتا ہوں میں

حیرت مشق تصور کھو نہ دے مجھ کو کہیں

سامنے اپنے تجھے اے دل نشیں پاتا ہوں میں

لا رہی ہے ان کی چشم لطف عشرت کے پیام

دیکھ اے منظورؔ اب کیسا نظر آتا ہوں میں

غم کا گماں یقین طرب سے بدل گیا (غزل)

غم کا گماں یقین طرب سے بدل گیا

احساس عشق حسن کے سانچے میں ڈھل گیا

ساتھ ان کے لے رہا ہوں میں گل گشت کے مزے

یہ خواب ہی سہی مرا جی تو بہل گیا

مجبور عشق چشم فسوں ساز سے ہوں میں

جادو مجھی پہ دوست کا چلنا تھا چل گیا

میں انتظار عید میں تھا عید آ گئی

ارمان دید دامن عشرت میں پل گیا

ہے برق جلوہ یاد مگر یہ نہیں ہے یاد

خرمن مرے غرور کا کس وقت جل گیا

پیمان عشق و حسن کی تجدید کے سوا

جو بھی خیال ذہن میں آیا نکل گیا

بڑھتے چلے ہیں آئے دن اسباب اضطراب

یادش بخیر آج کا وعدہ بھی ٹل گیا

منظورؔ کس زباں سے بتوں کو برا کہیں

ایماں ہمارا کفر کے دامن میں پل گیا

محبت خدا کی حقیقت کا نور (نظم)

محبت خدا کی حقیقت کا نور

محبت کسی کا پیام ظہور

محبت کے پیغامبر انبیا

محبت کے زیر اثر اولیا

محبت نقوش بیاض وجود

تر و تازہ اس سے ریاض شہود

محبت نہیں تو نہیں زندگی

محبت سے ہے دل نشیں زندگی

محبت سے ہر ذرہ پیوستہ ہے

طرب زا محبت کا گلدستہ ہے

نشاط محبت رفیق حیات

کئے اس نے حل زندگی کے نکات

محبت سے ہر اک حقیقت عیاں

محبت سے ماں کی فضیلت عیاں

محبت سے شان پدر سر بلند

محبت سے وصف پسر ارجمند

محبت سے مضبوط اجزائے قوم

محبت سے مربوط آرائے قوم

محبت سے قائم نظام حیات

تغیر میں بھی ان کا نور ثبات

محبت نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں

محبت ہی ہے اصل دنیا و دیں