پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمجید خاں مجید کی غزلیں — Abdul Majeed Khan Majeed Ghazals

عبدالمجید خاں مجید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانا کہاں ہے اور کہاں جا رہے ہیں ہم (غزل)

جانا کہاں ہے اور کہاں جا رہے ہیں ہم

اپنوں کی رہنمائی سے گھبرا رہے ہیں ہم

تم نے تو اک نگاہ اٹھائی ہے اس طرف

سو سو امیدیں باندھ کے اترا رہے ہیں ہم

ناکام ہو کے اپنی صدا لوٹ آئے گی

یہ جان کر بھی دشت میں چلا رہے ہیں ہم

سب اپنی اپنی راہ پر آگے نکل گئے

اب کس کا انتظار کئے جا رہے ہیں ہم

نہ جانے کس کی یاد نے لی دل میں گدگدی

آئنہ دیکھ دیکھ کے شرما رہے ہیں ہم

دنیا کے کاروبار سے مطلب نہیں مجیدؔ

دل کو خیال یار سے بہلا رہے ہیں ہم

کہاں شکوہ زمانے کا پس دیوار کرتے ہیں (غزل)

کہاں شکوہ زمانے کا پس دیوار کرتے ہیں

ہمیں کرنا ہے جو بھی ہم سر بازار کرتے ہیں

زمانے سے رواداری کا رشتہ اب بھی باقی ہے

مگر سودا کسی سے دل کا ہم اک بار کرتے ہیں

محاذ جنگ پر سینہ سپر ہو کر میں چلتا ہوں

مگر بزدل ہمیشہ پشت پر ہی وار کرتے ہیں

نہیں ملتی انہیں منزل جنہیں خوف حوادث ہے

جو موجوں سے نہیں ڈرتے ندی کو پار کرتے ہیں

مجیدؔ اچھا نہیں ہوتا کسی سے بھی جدا ہونا

مگر یہ رسم دنیا ہم ادا سو بار کرتے ہیں

مزید غزلیں از عبدالمجید خاں مجید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں