پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمجید خواجہ شیدا کی غزلیں — Abdul Majeed Khwaja Shaida Ghazals

عبدالمجید خواجہ شیدا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہیں مری قبر پہ وہ جلوہ نما میرے بعد (غزل)

ہیں مری قبر پہ وہ جلوہ نما میرے بعد

عشق کا میرے اثر ان پہ ہوا میرے بعد

اور کچھ دیر مرے غم کی کہانی سن لو

ورنہ پھر کون کرے گا یہ گلہ میرے بعد

دیکھ اس گل کو کسی غیر کا دینا نہ پیام

میں کہے دیتا ہوں اے باد صبا میرے بعد

کیوں نہ خوش ہوں کہ غم ہجر سے مر کر چھوٹا

اب جو آئیں بھی تو پھر لطف ہے کیا میرے بعد

اور کچھ غم نہیں غم ہے تو اسی کا غم ہے

لاش پر میری کریں گے وہ بکا میرے بعد

ان سے کہہ دے یہ کوئی جا کے پیام شیداؔ

دھیان رکھنا مرا اے ماہ لقا میرے بعد

محبت کا کسی کے دل میں اک ارمان پیدا کر (غزل)

محبت کا کسی کے دل میں اک ارمان پیدا کر

خدایا اس سے ملنے کا کوئی سامان پیدا کر

جو انگلستان کی سی برتری اے ہند چاہے تو

ملا کر اپنے فرقوں کو یہ عز و شان پیدا کر

ترے نالوں سے ڈر کر چھوڑ دے صیاد نا ممکن

مگر ہاں دیدۂ تر سے کوئی طوفان پیدا کر

مصائب سے قفس کے طاقت پرواز کب تجھ کو

تو پہلے اپنے اڑنے کا کوئی سامان پیدا کر

بتوں کی یاد میں سودائے سر سے پاک ہو جاؤں

نشہ ایسا مرے سر میں مئے عرفان پیدا کر

وہ بھولے پن سے دے دے بوسۂ لعل لب شیریں

کوئی ترکیب ایسی اے دل نادان پیدا کر

رموز عاشقی تو ساتویں منزل ہے درماں کی

ابھی تو ابجد معنی سے تو پہچان پیدا کر

بلندی اور پستی کی ہمیں کیا تو سناتا ہے

کسی سے تو بھی اے ناصح ذرا ایمان پیدا کر

سنے نالہ اگر میرا نہ ہرگز جور پھر ڈھائے

الٰہی اب تو پیر آسماں کے کان پیدا کر

ابھی تو پہلی منزل ہے رہ مقصود کی شیداؔ

سنبھل کر چل ذرا ہشیار ہو اوسان پیدا کر