پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی حیدر کی غزلیں — Ali Haider Ghazals

علی حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھڑکی پہ چاند چاند بھی شب گیر اور میں (غزل)

کھڑکی پہ چاند چاند بھی شب گیر اور میں

کاغذ پہ ایک خواب کی تعبیر اور میں

یہ پل جدائی کا ہے سو ممکن ہے رو پڑیں

اک دوسرے کو دیکھ کے زنجیر اور میں

سوچا ہے اس قدر تجھے میں نے فراق میں

ہم شکل ہو گئے تری تصویر اور میں

ہوش و حواس گم ہیں کہ تکتے ہیں بام و در

جون ایلیاؔ کو سن کے تقی میرؔ اور میں

اک خواب سامنے ہے جسے دیکھتے ہیں ہم

یہ مختصر سی رات یہ تاخیر اور میں

گزرے دنوں کا عرس منایا کریں گے اب

تیری گزشتہ سال کی تصویر اور میں

منسوب ہے جو دل میں جگہ تیرے نام سے (غزل)

منسوب ہے جو دل میں جگہ تیرے نام سے

رویا گیا ہے خوب وہاں دھوم دھام سے

کچی سی عمر میں ہی مرے خواب مر گئے

سورج غروب ہو گیا پہلے ہی شام سے

تنہا دکھی تو بیٹھ گئے زندگی کے ساتھ

آئے تو ہم یہاں تھے کسی اور کام سے

آفس کی فائلوں میں تری زلف کا خیال

دل اپنے کام سے ہے دماغ اپنے کام سے

جو سننا چاہتا ہوں کہیں تو سنائی دے

سو بحث کر رہا ہوں ہر اک خاص و عام سے

مزید غزلیں از علی حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں