پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالکریم مجروح صدیقی کی غزلیں — Abdul Kareem Majrooh Siddiqi Ghazals

عبدالکریم مجروح صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شدت غم سے آہ کر بیٹھے (غزل)

شدت غم سے آہ کر بیٹھے

عظمت غم تباہ کر بیٹھے

چار ان سے نگاہ کر بیٹھے

کتنا رنگیں گناہ کر بیٹھے

ان کی جانب نگاہ کر بیٹھے

ساری محفل گواہ کر بیٹھے

ان کی دل جوئی ہر طرح سے کی

غیر سے رسم و راہ کر بیٹھے

درد دل تحفۂ محبت تھا

درد دل سے نباہ کر بیٹھے

گل سے عارض پہ شبنمی قطرے

کیوں انہیں انتباہ کر بیٹھے

پارسائی کی چھاؤں میں مجروحؔ

کیسے کیسے گناہ کر بیٹھے

مرا دل جلے تو جلا کرے وہی کر جو ترا خیال ہے (غزل)

مرا دل جلے تو جلا کرے وہی کر جو ترا خیال ہے

مرے دل کی بات نہیں نہیں ترے گھر کا یہ تو سوال ہے

نہ تو تاب عرض سوال ہے نہ تو دم زدوں کی مجال ہے

مری خاموشی ہے فغاں بہ لب یہی قال ہے یہی حال ہے

ترے حسن کا یہ کمال کیا یہ مجال کیا یہ خیال کیا

ہے کمال حسن نظر مرا نہ جمال ہے نہ خیال ہے

مجھے بھا گئی تری یہ ادا ہے عجیب دلکش و دل ربا

تری اک نظر ہے جواب کل مری ہر نظر میں سوال ہے

نہیں مجھ کو تجھ سے گلہ کوئی تری یاد بن گئی دل ربا

شب ہجر اب مرے واسطے نہیں ہجر یہ تو وصال ہے