علی افتخار جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رنگ محفل سے فزوں تر مری حیرانی ہے (غزل)
رنگ محفل سے فزوں تر مری حیرانی ہے
پیرہن باعث عزت ہے نہ عریانی ہے
نیند آتی ہے مگر جاگ رہا ہوں سر خواب
آنکھ لگتی ہے تو یہ عمر گزر جانی ہے
اور کیا ہے تری دنیا میں سوائے من و تو
منت غیر کی ذلت ہے جہاں بانی ہے
چوم لو اس کو اسی عالم مدہوشی میں
آخر خواب وہی بے سر و سامانی ہے
اپنے ساماں میں تصاویر بتاں ہیں یہ خطوط
کچھ لکیریں ہیں کف دست ہے پیشانی ہے
سر بچے یا نہ بچے طرۂ دستار گیا (غزل)
سر بچے یا نہ بچے طرۂ دستار گیا
شاہ کج فہم کو شوق دو سری مار گیا
اب کسی اور خرابے میں صدا دے گا فقیر
یاں تو آواز لگانا مرا بے کار گیا
سرکشو شکر کرو جائے شکایت نہیں دار
سر گیا بار گیا طعنہ اغیار گیا
اولیں چال سے آگے نہیں سوچا میں نے
زیست شطرنج کی بازی تھی سو میں ہار گیا
صد ایام پہ پٹخے ہے دوانہ سر کو
جس کو چاہا کہ نہ جائے وہی اس بار گیا
مزید غزلیں از علی افتخار جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں