عبدالجبار رہبر اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ادائے نجوم و قمر جانتا ہوں (غزل)
ادائے نجوم و قمر جانتا ہوں
محبت کی ہر رہ گزر جانتا ہوں
نہیں جانتا کون رہبر ہے میرا
چلا جا رہا ہوں جدھر جانتا ہوں
رہ عشق و الفت کو آساں نہ سمجھو
بڑی مشکلوں کی ڈگر جانتا ہوں
تمنائے دل آرزوئے جگر کو
عبث منزل رہ گزر جانتا ہوں
یہ مانا کہ گل چیں کی نذریں ہیں میٹھی
مگر خار اب بال و پر جانتا ہوں
کبھی دے دیا چاندنی نے جو دھوکا
ہمیشہ میں شب کو سحر جانتا ہوں
نہ اب ہم کو طرح بہاراں سنا تو
تری باغباں ہر نظر جانتا ہوں
زمانے کے رنگیں تلاطم کو دیکھو
کہ ہر سنگ رہ کو گہر جانتا ہوں
وہ جام محبت پلایا جو تو نے
اسے زندگی کا ثمر جانتا ہوں
وہی حسن کی بارگہہ تیری اب بھی
کمی نور اہل نظر جانتا ہوں
بلندیٔ عشق و محبت کہ تجھ کو
دل و جان و قلب و نظر جانتا ہوں
مری آستیں ہی سے نکلیں گے دشمن
جنہیں آج تک بے خبر جانتا ہوں
نہیں جانتے مجھ کو اب تک وہ رہبرؔ
کہ جن کی میں اک اک نظر جانتا ہوں
اشک برباد کر رہا ہوں میں (غزل)
اشک برباد کر رہا ہوں میں
آج انہیں یاد کر رہا ہوں میں
کون جانے کسے تخیل میں
شاد و ناشاد کر رہا ہوں میں
کیوں پریشاں ہے تیرا مستقبل
جمع روداد کر رہا ہوں میں
دل کو ان نیم باز آنکھوں سے
مرد آزاد کر رہا ہوں میں
لیلیٴ نجد اور شیریں کو
قیس فرہاد کر رہا ہوں میں
خار زاروں کو اب بہ رنگ دگر
رشک شمشاد کر رہا ہوں میں
جس کا رہبر نہ کوئی راہی ہو
راہ ایجاد کر رہا ہوں میں