پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی حیدر علوی کی غزلیں — Ali Haidar Alvi Ghazals

علی حیدر علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پس چراغ تہہ آب دیکھنے کے لیے (غزل)

پس چراغ تہہ آب دیکھنے کے لیے

ہمیں ملے تھے تجھے خواب دیکھنے کے لیے

اسی لئے تجھے آنکھوں سے کر دیا اوجھل

کہ ہم رہیں تجھے بیتاب دیکھنے کے لیے

وہ جاتے وقت مجھے محملوں سے دیکھتی تھی

پلک سے جھڑتے ہوئے خواب دیکھنے کے لیے

دریچہ دشت کی جانب کھلا رہا اس کا

ہماری تنگیٔ اسباب دیکھنے کے لیے

انہیں دنوں مری حالت ہے دیکھنے والی

کہاں گئے مرے احباب دیکھنے کے لیے

چراغ درد سے روشن ہوا میں آخر شب

ستارے اترے تب و تاب دیکھنے کے لیے

نگار خانۂ دل میں مجسمہ ہے کوئی

مرا سلیقۂ آداب دیکھنے کے لیے

اتر کے آیا سر نینوا خدائے علی

کوئی صحیفۂ ایجاب دیکھنے کے لیے

مرے وجود کے کس بل نکال دیں صاحب (غزل)

مرے وجود کے کس بل نکال دیں صاحب

میں چاہتا ہوں کہ اذن دھمال دیں صاحب

زمیں کو جب بھی ضرورت نمود و نم کی ہو

ہماری آنکھ سے آنسو نکال دیں صاحب

میں آگہی کے سفر پر نکلنے والا ہوں

نمو کو صوت نظر کو خیال دیں صاحب

اٹا ہے گرد سے آئینۂ حیات مرا

جو آپ چاہیں تو اس کو اجال دیں صاحب

یہ ہار جیت تو قسمت کا کھیل ہوتا ہے

بس آپ عشق میں سکہ اچھال دیں صاحب

اگر کسی پہ نہیں کھل رہا ہمارا سخن

اسے خیال کی ہیبت میں ڈال دیں صاحب

میں دست ساقیٔ کوثر کو چومتا ہوں علیؔ

یہ خواب ہے تو حقیقت میں ڈھال دیں صاحب

اے دیوتائے آنند اے میرے چارہ گر (نظم)

اے دیوتائے آنند اے میرے چارہ گر

کئی ورشوں سے سوکھے ہوئے پیڑ پر

تیری موجودگی نے آیت زندگی پڑھ کے پھونک دی

اور پھر میں ایسا کھلا

کہ خزاں کی ہواؤں پہ

میرے شاخچوں سے پتے گرانا حرام ہو گیا

اے عزیز نظر وسیلۂ انبساط

مجھ پہ واجب ہے

میں روز و شب اپنی آنکھوں کے روغن سے

تیری آرتی کے لئے جلائے چراغوں کو بھرتا رہوں

تیری مورتی پہ کبھی تیرگی کا سایہ بھی پڑنے نہ دوں

مگر تجھ سے اک التجا ہے

تیرے التفات کے گلوں کا یہ رخ تیرے پنڈت کی جانب رہے

تاکہ مجھے حالات کے شوریدہ گھمسان کی تھکن نہ گرا دے

تجھ تلک آنے کو تیرے آشفتہ سر سورما نے

جن صفوں کو بنا ڈھال کے سر کیا وہ سر ہونے کی نہیں تھیں

لہٰذا مجھ فاتح کا یہ حق ہے کہ تم یہ کہو

وقت بھلے کیسا آئے تم میرے ساتھ ہمیشہ رہو گے

مگر یہ عبارت اداسی کے لہجے میں ہو

اور آنکھیں بتائیں کہ تم سچ کہہ رہے ہو

اے دیوتائے آنند

میری سرخ آنکھوں پر فاقوں کی نوبت نہ آئے

میری التجا ہے

مزید غزلیں از علی حیدر علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں