پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالحق سحر مظفر نگری کی غزلیں — Abdul Haq Sahar Muzaffarnagari Ghazals

عبدالحق سحر مظفر نگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بخشیں نہ اجالے تو چراغوں کو بجھا دو (غزل)

بخشیں نہ اجالے تو چراغوں کو بجھا دو

مٹ سکتی ہے ظلمت تو مرا گھر بھی جلا دو

بیمار محبت کو دوا دو نہ دعا دو

دامن کی ہوا دو اسے دامن کی ہوا دو

آنسو بھی پیوں میں تو رہوں پیاسا کا پیاسا

تم بال بکھیرو تو گھٹاؤں کو گھٹا دو

میں چاہوں تو رہ جاؤں فقط سوچ کے دل میں

تم چاہو تو بگڑی ہوئی تقدیر بنا دو

طوفاں سے بچے یا نہ بچے میرا سفینہ

ساحل پہ کھڑے ہو کے ذرا ہاتھ ہلا دو

مجبور کو مارو گے تو چھٹ جائے گا غم سے

مرنا بہت آسان ہے جینے کی سزا دو

ہم مل کے پکاریں تو پلٹ آئے گا ماضی

آؤ مری آواز میں آواز ملا دو

جب تک ہے مجھے ہوش برا تم کو کہوں گا

اس دور کے لوگو مجھے دیوانہ بنا دو

آنکھوں میں جگہ دے گی سحرؔ پھر یہی دنیا

اک بار ذرا اپنی نگاہوں سے گرا دو

وفا کا نغمہ سنا ہی نہیں ہے تیرے بعد (غزل)

وفا کا نغمہ سنا ہی نہیں ہے تیرے بعد

سکون دل کو ملا ہی نہیں ہے تیرے بعد

ترے فراق نے بخشی لبوں کو مہر سکوت

زبان نغمہ سرا ہی نہیں ہے تیرے بعد

قرار جاں نہ امنگیں نہ شادمانئ دل

کوئی اثاثہ بچا ہی نہیں ہے تیرے بعد

مرے قریب نہ جو آ سکا ترے دم سے

ہجوم غم وہ رکا ہی نہیں ہے تیرے بعد

تمام خواہشیں گم ظلمت الم میں ہوئیں

چراغ شوق جلا ہی نہیں ہے تیرے بعد

محبتوں کا خزانہ کہاں ہے پوشیدہ

کوئی سراغ ملا ہی نہیں ہے تیرے بعد

جو ٹوٹی ضبط کی مالا تو میری پلکوں پر

کوئی بھی موتی رکا ہی نہیں ہے تیرے بعد

تری تلاش میں نکلا تو گم ہوا ایسا

مجھے خود اپنا پتا ہی نہیں ہے تیرے بعد

ہر ایک لفظ ترا وقف تھا سحرؔ کے لئے

کسی کے لب پہ دعا ہی نہیں ہے تیرے بعد