علی فراز رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری زلفوں کے پیچ و خم کی قسم (غزل)
تیری زلفوں کے پیچ و خم کی قسم
چین سے ہیں تیرے ستم کی قسم
جس نے دیکھیں سو دل گنوا بیٹھا
تیری آنکھیں وہ جام جم کی قسم
ہم تو دیکھا کیے تھے حسرت سے
سرخیٔ لب کو چشم نم کی قسم
لڑکھڑانا ہے ان کی فطرت میں
کون کھائے تیرے قدم کی قسم
جانے کب پی تھی پر نشہ نہ گیا
میرے ساقی تیرے کرم کی قسم
بت گئے بت کدہ ہے ویرانہ
دل ہے باقی ابھی حرم کی قسم
ہو مبارک تمہیں یہ بزم تراب
ہم بھی خوش ہیں جہان غم کی قسم
اف ادائیں دکھا رہی ہیں وہ (غزل)
اف ادائیں دکھا رہی ہیں وہ
مسکرا کر ستا رہی ہیں وہ
ہم فقیرو کی اپنے کوچے میں
ایک محفل سجا رہی ہیں وہ
کب سے نظریں بچائے بیٹھے ہیں
یہ خبر ہے کہ آ رہی ہیں وہ
ہے گہن چاند کو لگا دیکھا
رخ سے پردہ اٹھا رہی ہیں وہ
سارے عالم میں پھیلی بے چینی
زلف بکھرائے جا رہی ہیں وہ
زلف ماتھے پہ بدلیاں جیسے
ابر سی بنتی جا رہی ہیں وہ
ہم اسیر نگاہ ناز ہوئے
کاہے آنکھیں ملا رہی ہیں وہ
ترچھی نظروں سے میرے شانے پر
زخم کاری لگا رہی ہیں وہ
میرا صبر و قرار چھین لیا
کیا ستم ہے کہ ڈھا رہی ہیں وہ
سر کو اپنے فرازؔ خم کر دیں
سجدۂ رب میں جا رہی ہیں وہ