علی اعجاز تمیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دریائے عشق جو تھا اتر کر نہیں رہا (غزل)
دریائے عشق جو تھا اتر کر نہیں رہا
باطن کا حق شناس مگر مر نہیں رہا
اچھا تو آپ خود ہی روایت کو توڑ دیں
کوئی اگر کسی کا بھلا کر نہیں رہا
جذبات اس لیے نہیں پھولے پھلے کبھی
دل یاد عشق یار کا محور نہیں رہا
شامل نہیں ہے یار جو حوران خلد میں
گنتی میں میری آج سے ستر نہیں رہا
ایسے ستم شعار کا بنتا نہیں ہے غم
جو چھوڑتے ہوئے بھی تجھے ڈر نہیں رہا
پھر یوں ہوا کہ یار نے دیوار کھینچ دی
جو مشترک تھا نخل صنوبر نہیں رہا
اعجازؔ کم نہیں یہ فسردہ دلی کا بھی
ہم ڈوبنے چلے تو سمندر نہیں رہا
محبت ہوئی تو گماں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی (غزل)
محبت ہوئی تو گماں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
نگاہوں سے قصہ بیاں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
پیا جو دکھا دو وہی میری دنیا صنم جو کہو تم وہ ہنس کے کروں گی
یہی قول دل کی زباں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
خود ہی ہنس رہا ہوں خود ہی رو رہا ہوں یقیں ہو چلا ہے تمہارا ہوا ہوں
ہوا جو نہیں تھا یہاں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
خیالوں میں میرے تمہی بس گئے ہو مری روح تک میں تمہی رچ گئے ہو
مرا دل تمہارا مکاں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
مری راہ میں شام کی تلخیاں تھیں یہ پر کیف راتیں کہاں پر نہاں تھیں
اندھیرا عجب کہکشاں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
میں اعجازؔ انمول اشعار کہہ کر غزل لکھ رہا ہوں تمہیں یار کہہ کر
مرا ہر سخن شادماں ہو رہا ہے مری زندگی میں تمہاری کمی تھی
فیض لے کر میرؔ سے آیا ہوا (نظم)
فیض لے کر میرؔ سے آیا ہوا
دیکھیے اک شخص اترایا ہوا
ہر سخنور سے یہی کہتا ہے اب
مستند ہے میرا فرمایا ہوا
مانتا ہوں یہ بجا ہے ٹھیک ہے
اس نے جو جتنا کہا ہے ٹھیک ہے
یہ نیا اسلوب لائے کس طرح
شعر میں جدت دکھائے کس طرح
اس کا ہر اک لفظ ہے مانگا ہوا
یعنی اب تک جو کہا ہے بھیک ہے
اس پہ کھلتے ہی نہیں غم بعد کے
عہد و عصر خانماں برباد کے
میرؔ و غالبؔ کا زمانہ اور ہے
عہد حاضر کا فسانہ اور ہے
اس کو کیا معلوم کیا سے کیا ہوئے
ہائے کتنے حشر ہیں برپا ہوئے
اس کو کیا معلوم غربت کی گھڑی
خواب سارے ایک پل میں مر گئے
اس کو کیا معلوم چھن جانے کا غم
جان سے پیارے بھی اپنے نہ رہے
اس کو کیا معلوم ہے اقصیٰ کا دکھ
جب نہتوں پر بھی میزائل چلے
اس کو کیا معلوم کہ کشمیر میں
کس طرح سے ماؤں کے بیٹے کٹے
اس کو کیا معلوم سونامی کا دن
شہر پل میں ڈوب کر میداں بنے
اس کو کیا معلوم نو گیارہ کے بعد
کس طرح کے ظلم تھے ڈھائے گئے
اس کو کیا معلوم بم کے زور پر
جرم مظلوموں سے منوائے گئے
اس کو کیا معلوم کاروبار ہے
جنگ کا میدان بکتے اسلحے
ہم سنائیں گر حروف آگہی
بھول جائے ہر دلیل شاعری
انگلیاں کانوں میں دے کر زور سے
چیخ مارے اور مر جائے ابھی