عبد الحمید عدم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خالی ہے ابھی جام میں کچھ سوچ رہا ہوں (غزل)
خالی ہے ابھی جام میں کچھ سوچ رہا ہوں
اے گردش ایام میں کچھ سوچ رہا ہوں
ساقی تجھے اک تھوڑی سی تکلیف تو ہوگی
ساغر کو ذرا تھام میں کچھ سوچ رہا ہوں
پہلے بڑی رغبت تھی ترے نام سے مجھ کو
اب سن کے ترا نام میں کچھ سوچ رہا ہوں
ادراک ابھی پورا تعاون نہیں کرتا
دے بادۂ گلفام میں کچھ سوچ رہا ہوں
حل کچھ تو نکل آئے گا حالات کی ضد کا
اے کثرت آلام میں کچھ سوچ رہا ہوں
پھر آج عدمؔ شام سے غمگیں ہے طبیعت
پھر آج سر شام میں کچھ سوچ رہا ہوں
ساقی شراب لا کہ طبیعت اداس ہے (غزل)
ساقی شراب لا کہ طبیعت اداس ہے
مطرب رباب اٹھا کہ طبیعت اداس ہے
رک رک کے ساز چھیڑ کہ دل مطمئن نہیں
تھم تھم کے مے پلا کہ طبیعت اداس ہے
چبھتی ہے قلب و جاں میں ستاروں کی روشنی
اے چاند ڈوب جا کہ طبیعت اداس ہے
مجھ سے نظر نہ پھیر کہ برہم ہے زندگی
مجھ سے نظر ملا کہ طبیعت اداس ہے
شاید ترے لبوں کی چٹک سے ہو جی بحال
اے دوست مسکرا کہ طبیعت اداس ہے
ہے حسن کا فسوں بھی علاج فسردگی
رخ سے نقاب اٹھا کہ طبیعت اداس ہے
میں نے کبھی یہ ضد تو نہیں کی پر آج شب
اے مہ جبیں نہ جا کہ طبیعت اداس ہے
امشب گریز و رم کا نہیں ہے کوئی محل
آغوش میں در آ کہ طبیعت اداس ہے
کیفیت سکوت سے بڑھتا ہے اور غم
قصہ کوئی سنا کہ طبیعت اداس ہے
یوں ہی درست ہوگی طبیعت تری عدمؔ
کمبخت بھول جا کہ طبیعت اداس ہے
توبہ تو کر چکا ہوں مگر پھر بھی اے عدمؔ
تھوڑا سا زہر لا کہ طبیعت اداس ہے
ایک دھیمی سی گرج الھڑ گھٹا اٹھتی ہوئی (نظم)
ایک دھیمی سی گرج الھڑ گھٹا اٹھتی ہوئی
ساز کے سینے سے صوت بے صدا اٹھتی ہوئی
رنگ کی اک جوئے بار
پردہ جیسے خانۂ تصویر کا اٹھتا ہوا
جیسے جوبن شوخیٔ تحریر کا اٹھتا ہوا
عنفوان زرنگار
بربط نشو و نما کی ایک متوالی ترنگ
گونجتے اعصاب کھلتا رنگ بجتے انگ انگ
گرم موسم کا نکھار
اولیں برسات کے پہلے ترشح کا سماں
ناچتے جذبات سے لبریز ادراک جواں
بے نہایت بے شمار
زندگی کی خواہشات گرم کا وحشی چکور
رقص میں ڈوبا ہوا خود مست بے آرام مور
ایک آہو اک چنار