علی بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یاد نہیں آؤگی لیکن بھول بھی کب میں پاؤں گا (غزل)
یاد نہیں آؤگی لیکن بھول بھی کب میں پاؤں گا
رات کے سناٹے میں چھپ کر گیت تمہارے گاؤں گا
عشق سمندر کی لہروں سا دیتا ہے مجھ کو آواز
دشت ہجر جو پاؤں پکڑ لے میں شاید رک جاؤں گا
میری بانہوں میں آ کر سو جاؤ گی آرام سے تم
میں چھت پر آنکھوں سے تنہائی لکھتا رہ جاؤں گا
آوارہ خوشبو آنچل کی یاد لیے آ جائے گی
میں دل کو سمجھاؤں گا یا سانسوں کو سمجھاؤں گا
پھول کو پتی پتی کر کے وہ خود سے یہ پوچھے گی
میں اس سے ملنے آؤں گا یا اس کو بلواؤں گا
وہ آنکھوں میں آنسو لائے یہ اکسیر ایجاد کرے
زخم دکھائے کب ہیں میں نے مرہم کیا لگواؤں گا
میری بادہ فہمی یارو سرخ لبوں کی پیاسی ہے
ساغر ساغر پی لوں پھر بھی پیاسا ہی رہ جاؤں گا
اک دن وہ افسوس کرے گی مجھ کو ہے معلوم علیؔ
وہ یہ سمجھتی ہوگی شاید میں اک دن پچھتاؤں گا
صحرا میں ایک وحشی صدیوں سے جل رہا ہے (غزل)
صحرا میں ایک وحشی صدیوں سے جل رہا ہے
لمحوں کا عشق جاناں انجام اگل رہا ہے
بلبل کو اڑتے دیکھا تو زخم گل سے بولا
اے دوستاں سلامت موسم بدل رہا ہے
زنداں کا تھا مصور پہلے یہاں کا قیدی
یہ شاہکار اس کا پانی میں گل رہا ہے
اس کی نگاہ مجھ سے ملنے سے ڈر رہی ہے
میرے گماں میں منظر یہ کب سے پل رہا ہے
سب کچھ لٹا کے بیٹھا ہوں خود میں چھپ کے لیکن
ارمان جانے کس کا دل میں مچل رہا ہے
وہ پانچ فٹ کی لڑکی جب سے جدا ہوئی ہے
اک بے فصیل صحرا سینے میں چل رہا ہے
یہ کہکشاں ستارے یہ وادیاں نظارے
میں چپ کھڑا ہوا ہوں اور چاند جل رہا ہے
اک پل علیؔ نشے میں دیکھا تھا میں نے اس کو
سارا سرور اس کا میری غزل رہا ہے