عبد الحمید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل میں جو بات ہے بتاتے نہیں (غزل)
دل میں جو بات ہے بتاتے نہیں
دور تک ہم کہیں بھی جاتے نہیں
عکس کچھ دیر تک نہیں رکتے
بوجھ یہ آئنے اٹھاتے نہیں
یہ نصیحت بھی لوگ کرنے لگے
اس طرح مفت دل گنواتے نہیں
دور بستی پہ ہے دھواں کب سے
کیا جلا ہے جسے بجھاتے نہیں
چھوڑ دیتے ہیں اک شرر بے نام
آگ لگ جاتی ہے لگاتے نہیں
بھول جانا بھی اب نہیں آساں
ورنہ یہ خفتیں اٹھاتے نہیں
آپ اپنے میں جلتے بجھتے ہیں
یہ تماشا کہیں دکھاتے نہیں
کبھی دیکھو تو موجوں کا تڑپنا کیسا لگتا ہے (غزل)
کبھی دیکھو تو موجوں کا تڑپنا کیسا لگتا ہے
یہ دریا اتنا پانی پی کے پیاسا کیسا لگتا ہے
ہم اس سے تھوڑی دوری پر ہمیشہ رک سے جاتے ہیں
نہ جانے اس سے ملنے کا ارادہ کیسا لگتا ہے
میں دھیرے دھیرے ان کا دشمن جاں بنتا جاتا ہوں
وہ آنکھیں کتنی قاتل ہیں وہ چہرہ کیسا لگتا ہے
زوال جسم کو دیکھو تو کچھ احساس ہو اس کا
بکھرتا ذرہ ذرہ کوئی صحرا کیسا لگتا ہے
فلک پر اڑتے جاتے بادلوں کو دیکھتا ہوں میں
ہوا کہتی ہے مجھ سے یہ تماشا کیسا لگتا ہے